گندم کا بحران نہیں چکی کا آٹا مہنگا ہوتا ہے، فیاض الحسن چوہان

ویب ڈیسک  اتوار 19 جنوری 2020
مخالفین عثمان بزدار پر تنقید کرنے کے علاوہ کچھ اورسوچیں، فیاض الحسن چوہان فوٹو: فائل

مخالفین عثمان بزدار پر تنقید کرنے کے علاوہ کچھ اورسوچیں، فیاض الحسن چوہان فوٹو: فائل

 راولپنڈی: وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں آٹے کا بحران نہیں ہے اور چکی کا آٹا فلور ملز سے زیادہ مہنگا ملتا ہے۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پنجاب اور وفاقی حکومت کو بدنام کرنے کےلیے بحران پیدا کرنے کی سازش کی گئی، پنجاب میں آٹے کا بحران نہیں ہے، چکی کا آٹا ملز سے زیادہ مہنگا ملتا ہے کیونکہ فلور ملز کے آٹے سے سوجی اور میدہ نکال لیا جاتا ہے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار بولنے نہیں بلکہ کام کرنے کے عادی ہیں، ڈیڑھ سال سے وزیراعلیٰ پنجاب کو تنقید کا نشانہ بنایاجاتا رہا ہے، وہ وزیر اعلیٰ ہاوَس کے اخراجات میں 60 فیصد کمی لائے، انہوں نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے آٹے کے بحران سے بچایا، اب جنوبی پنجاب کی تعمیر و ترقی سے متعلق کوئی شکوہ سنائی نہیں دیتا۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ فواد چوہدری بھائی ہیں لیکن کبھی کبھی وہ جذبات میں کہہ جاتے ہیں، میرا تعلق راولپنڈی سے ہے اور میں اسلام آباد کا ہمسایہ ہوں، اس لئے جو بات کروں گا وہ مستند ہوگی، وزیراعلیٰ عثمان بزدار اپنی 5 سالہ مدت مکمل کریں گے، کل وزیر اعظم نے اجلاس میں عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار کیا، مخالفین عثمان بزدار پر تنقید کرنے کے علاوہ کچھ اورسوچیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔