پاکستان کرکٹ بورڈ کا کوچ ڈیو واٹمور کو فارغ کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  منگل 12 نومبر 2013
ڈیو واٹمور ذاتی مصروفیات کی بنا پر فروری 2014 میں عہدے کی پوری ہونے والی مدت میں تجدید نہیں چاہتے، ترجمان پی سی بی   فوٹو : فائل

ڈیو واٹمور ذاتی مصروفیات کی بنا پر فروری 2014 میں عہدے کی پوری ہونے والی مدت میں تجدید نہیں چاہتے، ترجمان پی سی بی فوٹو : فائل

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیو واٹمور کو ان کے عہدے سے فارغ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی سی بی کے ترجمان کے مطابق ڈیو واٹمور کی بطور کوچ معاہدے کی مدت 28 فروری 2014 کو پوری ہورہی ہے اور انہوں نے رواں ماہ بتادیا تھا کہ وہ ذاتی مصروفیات کی بنا پر اس میں تجدید نہیں چاہتے لہٰذا انہیں یکم مارچ سے فارغ کردیا جائے گا تاہم وہ اپنے معاہدے کی مدت پوری کریں گے۔

واضح رہے کہ مارچ 2012 میں کرکٹ ٹیم کے بطور ہیڈ کوچ 2 سال کے لئے منتخب ہونے والے ڈیو واٹمور کو حالیہ کچھ عرصے سے ٹیم کی ناقص کارکردگی پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا جس کے بعد وہ بھی میڈیا پر اپنے دفاع میں کچھ کہنے سے قاصر تھے، قومی ٹیم  گزشتہ 3 سیریز جو آئرلینڈ، زمبابوے اورجنوبی افریقہ کے خلاف کھیلی گئی اس میں خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکی،  آئرلینڈ کے خلاف ایک ون ڈے ٹائی ہوا  جب کہ دوسرے ون ڈے میں  کامیابی بڑی مشکلات سے اپنے نام کی جب کہ زمبابوے کے خلاف بھی قومی کرکٹ ٹیم کوایک ٹیسٹ میچ میں شکست کا مزہ چکھنا پڑا۔

جنوبی افریقہ کے خلاف جاری سیریز میں تو قومی کرکٹ ریت کی دیوار ثابت ہوئی، 2 ٹیسٹ میچز میں سے ایک میں کامیابی حاصل کی جب کہ دوسرے  ٹیسٹ میں اسے  ایک اننگز اور 92 رنز سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا جب کہ ون ڈے سیریز میں تو پروٹیز نے شاہینوں کے ایسے پر کاٹے کہ انہیں اڑنے کے قابل ہی نہیں چھوڑا اور سیریز 1-4 سے اپنے نام کی، ٹیم کی خراب کارکردگی کی بڑی وجہ بیٹنگ لائن کی مسلسل ناکامی تھی اور ڈیو واٹمور کو ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کیا گیا تھا جس میں وہ ناکام دکھائی دیئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔