شاہینوں کی بنگال ٹائیگرز کے خلاف پنجہ آزمائی کی تیاریاں جاری

اسپورٹس رپورٹر / میاں اصغر سلیمی  اتوار 19 جنوری 2020
 شیڈول کے مطابق بنگال ٹائیگرز23 جنوری کو لاہور پہنچیں گے۔ فوٹو : فائل

شیڈول کے مطابق بنگال ٹائیگرز23 جنوری کو لاہور پہنچیں گے۔ فوٹو : فائل

 لاہور: قومی ٹیم کی قذافی اسٹیڈیم میں بنگال ٹائیگرز کے خلاف سیریز سے قبل خصوصی مشقیں اور پریکٹس کا سلسلہ جاری ہے۔

سری لنکا کے بعد بنگلا دیش کی کرکٹ ٹیم بھی قذافی اسٹیڈیم کی رونقیں بحال کرنے کے لیے بالکل تیار ہے، شیڈول کے مطابق بنگال ٹائیگرز23 جنوری کو لاہور پہنچیں گے اور میزبان ٹیم کے خلاف 3 ٹوئنٹی 20 میچوں کی سیریز میں حصہ لے گی۔

سیریز کے یہ میچز 24، 25 اور 27 جنوری کو کھیلے جائیں گے، مہمان ٹیم کے خلاف مختصر طرز کی کرکٹ کے میچز کے لئے پاکستان کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری ہے جس میں پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کی طرف سے منتخب کھلاڑی بھر پور ٹریننگ کرنے میں مصروف ہیں۔

بگ بیش لیگ میں بہترین کارکردگی دکھا کر قومی اسکواڈ کا حصہ بننے والے حارث رﺅف نے آسٹریلیا سے لاہور پہنچ کر کیمپ کو باقاعدہ جوائن کرلیا ہے جب کہ شعیب ملک پیر کو کیمپ کا حصہ بنیں گے۔ ادھر شاہینوں کی بنگال ٹائیگرز کو قابو کرنے کے لیے اتوار کو بھی قذافی اسٹیڈیم میں بھر پور تیاریوں کا سلسلہ جاری رہا۔ کھلاڑیوں نے ہیڈکوچ مصباح الحق سمیت کوچنگ اسٹاف کی نگرانی میں بھر پور پریکٹس کی، وارم اپ کے بعد پلیئرز کو اونچے شاٹس لگا کر کیچز پکڑنے کی خصوصی مشقیں بھی کروائی گئیں۔

رضوان علی بھی الگ سے وکٹ کیپنگ کی پریکٹس کرتے دکھائی دیے جب کہ محمد حفیظ نئی گیند سے جاندار اسٹروکس کھیلنے کی کوشش کرتے رہے۔ بولنگ کوچ وقار یونس نے نیٹ میں فاسٹ بولرز کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور پیسرز کو خصوصی ٹپس بھی دیں، 30 منٹ سے زائد پریکٹس کے بعد کھلاڑیوں کے درمیان ٹارگٹ میچز کا سلسلہ شروع کیا گیا جس میں کوچز کی طرف سے کھلاڑیوں کو مختلف اہداف دیے گئے۔

ٹارگٹ میچ میں بابراعظم اور احسان علی کے سامنے بولرز بالکل بے بس دکھائی دیے، دونوں نے محمد حسنین، رضا حسن سمیت دوسرے بولرز کی خوب درگت بنائی، بابر اعظم 48 رنز بناکر خود ہی پویلین لوٹ آئے جب کہ احسان علی نے 38رنز کی اننگز کھیلی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔