ڈومیسٹک کرکٹ کو عزت نہیں دیں گے تو کرکٹرز کیسے اوپر آئیں گے، معین خان

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 19 جنوری 2020
ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارم کرنے والے کرکٹرز کو موقع ملنا چاہیے، معین خان۔ فوٹو : فائل

ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارم کرنے والے کرکٹرز کو موقع ملنا چاہیے، معین خان۔ فوٹو : فائل

 کراچی: سابق چیف سلیکٹر معین خان کا کہنا ہے کہ بہترین کھلاڑیوں کو آگے لانے کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ کو اہمیت دینی ہوگی، ڈومیسٹک کرکٹ کو عزت نہیں دیں گے تو کرکٹرز کیسے اوپر آئیں گے۔

ٹی ایم سی گراؤنڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سابق چیف سلیکٹر معین خان کا کہنا تھا کہ بہترین کھلاڑیوں کو سامنے لانے کے لئے ڈومیسٹک کرکٹ کو اہمیت دینی ہوگی، ڈومیسٹک کرکٹ کو عزت نہیں دیں گے تو کرکٹرز کیسے اوپر آئیں گے، ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارم کرنے والے کرکٹرز کو موقع ملنا چاہیے۔

معین خان نے کہا کہ فواد عالم اور عابد علی جیسے کرکٹر کی مثال ہمارے سامنے ہے، انہوں نے بہترین کارکردگی کا تسلسل قائم کرکے سلیکٹرز کو اپنے انتخاب پرمجبور کرایا تاہم پی سی بی سلیکشن کے حوالے سے پالیسی واضح کرے، سلیکٹرز کہتے ہیں کہ مستقبل کی پلاننگ کررہے ہیں لیکن حیرت انگیز بات یہ ہے کہ یہی سلیکٹر جن کھلاڑیوں کو ٹیم سے باہر کرتے ہیں، ان ہی کھلاڑیوں کو دوبارہ اسکواڈ کا حصہ بنا دیتے ہیں، 40 سال سے زائد عمر والے کرکٹرز کی پاکستان ٹیم میں واپسی مسئلہ نہیں، اصل مسئلہ سلیکشن پالیسی کا ہے جب کہ کرکٹرز جب تک فٹ ہے کھیل سکتا ہے۔

معین خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کے لیے بنگلادیش کا آنا خوش آئند ہے، امید ہے کہ آگے چل کر مزید غیر ملکی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی اور یہاں پر آکر ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کریں گی جس سے پاکستان کرکٹ کو بھی فروغ حاصل ہوگا اور اچھے کرکٹر بھی سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل فائیو کے تمام میچز پاکستان میں کرانے سے بہت فائدہ حاصل ہوگا اور اس کے پاکستان کرکٹ پر دور رس اثرات نتائج برآمد ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔