کراچی؛ سائبیرین ہواؤں کی رفتار بڑھنے سے سردی کی شدت میں اضافہ

اسٹاف رپورٹر  اتوار 19 جنوری 2020
مطلع ابر آلود ہونے کی وجہ سے صبح کے وقت وقتاً فوقتاً دھند چھا سکتی ہے، ترجمان محکمہ موسمیات . فوٹو : فائل

مطلع ابر آلود ہونے کی وجہ سے صبح کے وقت وقتاً فوقتاً دھند چھا سکتی ہے، ترجمان محکمہ موسمیات . فوٹو : فائل

 کراچی: سائبیرین ہواؤں کی رفتار بڑھنے سے کراچی میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

اتوار کو شمال مشرقی سائبیرین ہواؤں کی رفتار بڑھنے کے سبب سردی کی شدت میں اضافہ رہا، ہواؤں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 28 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی، کم سے کم پارہ گزشتہ روز کے مقابلے میں 2 ڈگری کمی سے 9.5 ریکارڈ ہوا، اتوار کو دھند کے باعث حد نگاہ بھی متاثر ہوئی۔

اتوار کو صبح کے وقت شہر کا مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہا جس کے سبب دھند چھائی اور حد نگاہ 6 کلومیٹر سے کم ہوکر4 کلومیٹر ریکارڈ ہوئی۔ اتوار کو شہر میں چلنے والی سائبیرین سمت کی شمال مشرقی ہواؤں کی رفتار میں پھر اضافہ ہوا، ہواؤں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 28 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی جس کی وجہ سے صبح کے وقت سردی جب کہ دن بھر قدرے خنک ہوائیں چلیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو شہر کا کم سے کم پارہ 9.5 ڈگری ریکارڈ ہوا جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24.3 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 37 فیصد جب کہ شام کے وقت 17 فیصد رہا، دھند چھانے کی وجہ سے صبح کے وقت حدنگاہ 6 کلومیٹر سے کم ہوکر 4  کلومیٹر رہ گئی تھی۔

ترجمان محکمہ موسمیات انجم نذیر کے مطابق اگلے ایک ہفتے تک شہر کی فضاؤں پر کبھی بادل چھانے اور کبھی مطلع صاف رہنے کی توقع ہے، مطلع ابر آلود ہونے کی وجہ سے صبح کے وقت وقتاً فوقتاً دھند چھا سکتی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق پیرکو مطلع خشک اور سرد رہنے جب کہ کم سے کم پارہ 10 سے 12 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔