اقوام متحدہ عمران خان کو چندہ جمع کرنے پر لگاکر ہماری جان چھڑوائے، احسن اقبال

ویب ڈیسک  پير 20 جنوری 2020
احسن اقبال کو 7 فروری کو دوبارہ پیش کیا جائے، احتساب عدالت فوٹو: فائل

احسن اقبال کو 7 فروری کو دوبارہ پیش کیا جائے، احتساب عدالت فوٹو: فائل

 اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ وہ اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ عمران خان کو چندہ جمع کرنے کے کسی عہدے پر لگا دیں اور اس لنگرخانہ حکومت سے ہماری جان چھڑوادیں۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نارووال اسپورٹس سٹی کیس پر سماعت ہوئی، نیب پراسیکیوٹر نے احسن اقبال کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ احسن اقبال کو 23 دسمبر کو گرفتار کیا، اور ان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں، متعلقہ ریکارڈ قبضے میں لیا ہے جب کہ گواہوں کے بیانات قلمبند کئے ہیں، اس حوالے سے کچھ بینک ریکارڈ مل چکا ہے جب کہ بعض بینکوں سے ریکارڈ ملنا ہے۔ کیس کی مزید تفتیش کے لیے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی جائے۔

نیب کی درخواست پر عدالت نے استفسار کیا کہ ملزم کا 28 دن کا جسمانی ریمانڈ ہوگیا، کیا 90 روزہ ریمانڈ لیں گے؟، عدالت نے نیب کی درخواست مسترد کرتے ہوئے احسن اقبال کو 14 روز کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوادیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ احسن اقبال کو 7 فروری کو دوبارہ پیش کیا جائے۔ عدالت نے احسن اقبال کی جیل میں اہل خانہ سے ملاقات، ان کا علاج اور گھر کے کھانے کی بھی اجازت دے دی۔

عدالت میں پیشی کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ جس شخص نے ساری زندگی چندہ جمع کیا ہو وہ کیا معیشت کو کنٹرول کرے گا، لنگرخانہ حکومت نے ملک کو اس نہج پر پہنچادیا کہ آٹا 70 روپے کلو بھی نہیں مل رہا، ملک میں مہنگائی اور بےروزگاری بڑھ رہی ہے، نوجوان نسل ڈگریاں ہاتھ میں اٹھائے گھوم رہی ہے، وہ اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں عمران خان کو چندہ جمع کرنے کے کسی عہدے پر لگا دیں اور اس لنگرخانہ حکومت سے ہماری جان چھڑوادیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔