بھارت میں غریب ہندو لڑکی کی شادی کیلیے مسلمانوں نے مسجد کے دروازے کھول دیئے

ویب ڈیسک  پير 20 جنوری 2020
دلہن کی ماں شادی کی تاریخ قریب آنے کے باوجود اخراجات کے لیے رقم جمع نہیں کرسکی تھی (فوٹو : فائل)

دلہن کی ماں شادی کی تاریخ قریب آنے کے باوجود اخراجات کے لیے رقم جمع نہیں کرسکی تھی (فوٹو : فائل)

کیرالہ: بھارت میں شادی کے اخراجات کے لیے پیسے جمع نہ کرپانے والی ہندو ماں کی داد رسی کے لیے مقامی مسجد کی کمیٹی نے نہ صرف شادی کے لیے 100 سالہ قدیم مسجد میں جگہ دی بلکہ تحفے میں زیورات اور رقم بھی دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مذہب رواداری ، بھائی چارے اور انسانیت کے جذبے سے لبریز شادی کی یہ انوکھی تقریب ریاست کیرالہ میں منعقد ہوئی جہاں مالی مشکلات کا سامنا کرنے والے ہندو جوڑے کی شادی کی تقریب کے لیے مقامی قدیم مسجد کی کمیٹی نے مسجد میں ہی جگہ دے دی۔

Wedding in mosque india 1

100 سالہ قدیم مسجد میں جوڑے کی شادی مکمل طور پر ہندو رسومات کے تحت منعقد ہوئی۔ جس میں ہندوؤں کے علاوہ مسلمانوں کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے تمام انتظامات بھی مقامی مسلم کمیونٹی اور مسجد کمیٹی نے ہی ادا کیے۔

مقامی مسلمانوں کی جانب سے نو بیاہتا ہندو جوڑے کو تحفے میں زیورات اور تحفے بھی پیش کیے گئے جب کہ مہمانوں کے لیے کھانے کا بھی انتظام کیا گیا تھا، میزبانی کے تمام فرائض مسجد کی کمیٹی کے ارکان اور مسلم اہل محلہ نے ادا کیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔