پاکستان نے ایف اے ٹی ایف پر کم وقت میں بہت بہتر کارکردگی دکھائی، ایلس ویلز

ویب ڈیسک  منگل 21 جنوری 2020
امریکی معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز چار روزہ دورے پر پاکستان پہنچی ہیں، فوٹو : ٹویٹر

امریکی معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز چار روزہ دورے پر پاکستان پہنچی ہیں، فوٹو : ٹویٹر

 اسلام آباد: امریکی وزیر خارجہ کی معاون خصوصی برائے جنوبی ایشیا ایلس ویلز نے ایف اے ٹی ایف اور غیر قانونی تارکین وطن کے معاملے پر حکومت پاکستان کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس حوالے سے اب تک اُٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق امریکی وزیر خارجہ کی معاون خصوصی ایلس ویلز پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچیں جہاں انہوں نے وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران داخلی امور اور سیکیورٹی معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر معاون خصوصی ایلس ویلز نے امریکا میں مقیم غیر قانونی طور تارکین وطن اور ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے پاکستان کی جانب سے اُٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی۔

ملاقات کے دوران وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے حوالے سے پاکستان کی جانب سے اُٹھائے گئے اقدامات اور پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی۔ امریکی وزیر خارجہ کی معاون خصوصی ایلس ویلز نے پاکستانی اقدامات اور کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ حکومت پاکستان نے کافی کم وقت میں بہت بہتر کارکردگی دکھائی ہے۔

وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز کو بتایا کہ غیر قانونی طور پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسئلے کو کافی حد تک حل کر لیا ہے اور اس حوالے سے مزید پیشرفت بھی جاری ہے جس پر ایلس ویلز نے کہا کہ غیر قانونی طور پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسئلے کے حل کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے کیے گئے تعاون کو سراہتے ہیں۔

اس موقع پر امریکی وفد نے تارکین وطن کی روک تھام کے حوالے سے ایک منظم اور پختہ طریقہ کار وضع کرنے کی تجویز بھی دی جس کی مدد سے غیر قانونی طور پر بیرون ملک جا بسنے کے سلسلے کو روکا جا سکے اور مستقبل میں اس نظام سے فائدہ بھی اٹھایا جاتا رہے۔ وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے اس تجویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پہلے ہی پاسپورٹ اور دیگر سفری دستاویزات کی تصدیق کے عمل کے لیے لائحہ عمل مرتب کر لیا ہے۔

وزیر داخلہ کی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے پاکستانی حکام نے بھی امریکی وفد کو بتایا کہ نومبر، دسمبر اور جنوری کے مہینوں میں حل کیے جانے والے کیسز کی رپورٹ امریکی سفارت خانے کو بھیج دی گئی ہے جس پر امریکی معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز نے ستائشی انداز میں کہا کہ پاکستانی حکومت کی جانب سے بروقت جوابات کا عمل قابل تعریف ہے۔

وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے ملاقات کے دوران عالمی غیر سرکاری تنظیمیں ( این جی اوز) کی رجسٹریشن کے لیے طے پانے والے طریقہ کار سے بھی امریکی وفد کو آگاہ کیا۔

واضح رہے کہ معاون خصوصی ایلس ویلز دورہ بھارت اور سری لنکا کے بعد چار روزہ دورے پر پاکستان پہنچی ہیں۔ اپنے دورے کے دوران وہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت سے کریں گی۔ اس کے علاوہ تھنک ٹینک سے خطاب اور سول سوسائٹی کے اراکین سے ملاقات بھی متوقع ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔