سندھ حکومت نے آئی جی پولیس کیلیے تین نام وفاق کو ارسال کردیے

وکیل راؤ  منگل 21 جنوری 2020
خط وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے وزیراعظم کو ارسال کیا گیا ہے (فوٹو : فائل)

خط وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے وزیراعظم کو ارسال کیا گیا ہے (فوٹو : فائل)

 کراچی: سندھ حکومت نے وفاق کے ساتھ مشاورتی عمل مکمل ہونے اور مروجہ طریقہ کار پر عمل کے بعد بالاخر وفاق کو آئی جی سندھ پولیس کے لیے تین  نام ارسال کردئیے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی و صوبائی حکومت کے درمیان جاری خط و کتابت اور رابطوں کے بعد سندھ میں پولیس سربراہ کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ پیر کے روز رات گئے سندھ حکومت نے چیف سیکریٹری سندھ کے لیے وفاقی حکومت کو ایک اور خط ارسال کیا جس میں سندھ پولیس کے سربراہ کے لیے تین نام تجویز کیے گئے ہیں۔

سندھ حکومت کےتجویز کردہ ناموں میں پولیس سروس آف پاکستان کے سینئر افسران غلام قادرتھیبو، ڈاکٹرکامران فضل اور مشتاق مہر کے نام شامل ہیں۔ سندھ حکومت کے ذرائع کے مطابق وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی وزیراعظم عمران خان کو ایک خط لکھا ہے جس میں آئی جی سندھ کےحوالے سےاستدعا کی گئی ہےکہ ماضی کے طریقہ کار کے مطابق سندھ میں آئی جی پولیس کے تقرر پر غور کیا جائے۔

وزیراعظم  کے نام لکھے گئے خط میں مرادعلی شاہ نے پنجاب حکومت کا بھی حوالہ دیا ہے اور کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں پنجاب حکومت کی سفارش پر تجویز کردہ ایک نام کا بطور آئی جی پولیس تقررکیا گیا جس کے لیے  حکومت پنجاب نے ایک خط کے ذریعے وفاق کو پولیس سربراہ کے تقرر کی سفارش کی تھی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے اپنے خط میں کہا کہ ان کی ملاقات اور رابطوں میں بھی آئی جی سندھ پولیس کے حوالے سے مفصل بات ہوچکی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔