آٹے اور گندم کا بحران جاری، 20 کلو کا تھیلا مارکیٹ سے غائب

راولپنڈی میں 15کلو کا تھیلا805روپے میں بکنے لگا، نانبائیوں کی ننکانہ ، پشاورمیں ہڑتال
 فوٹو: فائل

راولپنڈی میں 15کلو کا تھیلا805روپے میں بکنے لگا، نانبائیوں کی ننکانہ ، پشاورمیں ہڑتال فوٹو: فائل

 لاہور /  راولپنڈی / پشاور /  مظفر آباد: ملک بھر میں آٹے اورگندم کا بحران ختم نہ ہوسکا، اوپن مارکیٹوں میں 10اور 20کلوکے آٹے کا تھیلا تاحال دستیاب نہ ہوسکا۔

ننکانہ صاحب، خیبرپختونخواکے کئی شہروں میں نانبائیوں نے قیمتوں میں اضافے کے معاملے پر ہڑتال کردی اور دکانیں بند رکھیں، این این آئی کے مطابق حکومت کی بھرپور کوششوں کے باوجودپنجاب میں جاری آٹے کے بحران کے اثرات زائل نہیں ہو سکے۔

لاہورسمیت دیگر اضلاع کی بعض اوپن مارکیٹوں میں 10اور 20 کلو کے آٹے کا تھیلا دستیاب نہیںجس کی وجہ سے عوام کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ دوسری جانب عوام کاکہنا ہے کہ کئی دکاندر ایک مقررہ حد سے زیادہ آٹا فروخت نہیں کر رہے جس کی وجہ سے انکی پریشانی تشویش میں تبدیل ہو رہی ہے ۔ عوام کا کہنا ہے کہ چکی کا آٹا 70روپے فی کلو ہونے کی وجہ سے انکی پہنچ سے دور ہے۔

ضلع راولپنڈی میں آٹے کی کمی کا بحران مذید شدت اختیارکرنے لگا ہے، فلورملز،آٹا چکیوںکوگندم کی سپلائی میں50 فیصدکمی کے باعث ضلع بھر میں آٹے کی رسد میں بھی50 فیصدکمی ہو گئی ہے جس کے باعث چکی مالکان نے آٹا اضافہ کیساتھ 70 روپے کلو،20 کلوکا تھیلہ مارکیٹ سے غائب ہوگیاجبکہ اس قیمت پر دکانداروں نے 15کلوآٹے تھیلہ کی فروخت شروع کرکے عوام کو لوٹنا شروع کر دیا ہے، پندرہ کلو آٹے کا تھیلہ 805 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

علاوہ ازیں آٹے اور میدے کی قلت اورقیمتوں میں اضافے کیخلاف نانبائیوں نے مری روڈ لیاقت باغ چوک میں احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔

دریں اثناء کے مطابق ننکانہ صاحب کے نان بائیوں نے روٹی اورنان کی قیمت نہ بڑھانے پرہڑتال کرتے ہوئے احتجاجاً تندور بندکر دیے۔ پشاور سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں نانبائیوں نے غیرمعینہ مدت کیلئے ہڑتال کرتے ہوئے تندوربندکردیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔