حکومت پنجاب نے عظمیٰ بخاری کے گھر کے باہر آٹے کا ڈھیر لگادیا

ویب ڈیسک  بدھ 22 جنوری 2020

لاہور: محکمہ خوراک پنجاب کے افسران آٹے کا ٹرک لے کرمسلم لیگ (ن) کی رہنما عظمیٰ بخاری کے گھر کے باہر پہنچ گئے۔

محکمہ خوراک پنجاب آٹے کاٹرک لے کر عظمیٰ بخاری کےگھر پہنچ گئے، محکمہ خوراک کے اہلکاروں نے عظمیٰ بخاری کے گھر کی گھنٹی بجاکر کہا میڈم آٹا لے لیں۔

محکمہ خوراک کے افسران کی جانب سے آٹے کا ٹرک بھجوانے پر عظمیٰ بخاری نے کہا محکمہ خوراک پنجاب کے اہلکاروں نے آٹے کے 30 سے 40 تھیلے میرے کے گھر کے باہر رکھ دیئے ہیں، میں نے کل ایک ٹاک شو میں کہا تھا ماڈل ٹاﺅن میں بھی آٹا نہیں مل رہا، اس لیے پنجاب حکومت کے کہنے پر میرے گھر کے باہر تماشا کیا گیا ہے۔

رہنما مسلم لیگ(ن) کا مزید کہنا تھا کہ اگر ہم نے ہی اس نا اہل حکومت کو بتانا ہے کہ پنجاب میں آٹا کہاں کہاں نہیں مل رہا تو یہ استعفے دیں اور گھر چلے جائیں۔

دوسری جانب چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی عمر تنویر کا کہنا ہے کہ عظمیٰ بخاری نے گزشتہ روز پنجاب حکومت سے درخواست کی تھی کہ اگر اتنا آٹا موجود ہے تو میرے گھر بھی بھجوادیں، عظمیٰ بخاری کی خواہش کا احترام کرتے ہوئے پنجاب فوڈ اتھارٹی نے آٹے کے تھیلے ان کے گھر بھیجوا دیئے، آٹا ان کی خواہش کے مطابق بھیجا گیا ہے۔

content.jwplatform.com

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔