رابی پیرزادہ کا بچیوں کو پڑھنے بھیجنے والے والدین کو ماہانہ امداد کا اعلان

ویب ڈیسک  بدھ 22 جنوری 2020
 اگر ان بچوں کے والدین اپنے بچوں کو میرے پاس تعلیم حاصل کرنے کے لیے بھیجتے ہیں تو میں ان کے گھر کا خرچ اٹھانے میں ان کی مدد کروں گی۔ رابی پیرزادہ فوٹوفائل

اگر ان بچوں کے والدین اپنے بچوں کو میرے پاس تعلیم حاصل کرنے کے لیے بھیجتے ہیں تو میں ان کے گھر کا خرچ اٹھانے میں ان کی مدد کروں گی۔ رابی پیرزادہ فوٹوفائل

کراچی: سابق گلوکارہ رابی پیرزادہ نے غریب بچوں کو مفت تعلیم دینے اور ان کا خرچ اٹھانے میں مدد کرنے کا بیڑا اٹھایا ہے۔

رابی پیرزادہ آج کل کیلی گرافی (خدا کے نام اورقرآنی آیات کی خوشنما تحریریں) بنانے میں مصروف ہیں اورچند روز قبل انہوں نے اپنے کیلی گرافی آرٹ کی نمائش کا اعلان بھی کیاتھا۔

اب رابی پیرزادہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں چند بچے ان کی کیلی گرافی آرٹ کی تصاویر ہاتھ میں اٹھائے ہوئے ہیں۔ ویڈیو کے ساتھ رابی پیرزادہ نے پیغام لکھا اگر والدین اپنے بچوں کو ان کے پاس تعلیم حاصل کرنے کے لیے بھیجیں تو میں ان کے گھر کا خرچ اٹھانے میں مدد کریں گی۔

رابی نے لکھا اگر لوگ ایک لڑکے کو تعلیم حاصل کرنے کے لیے بھیجتے ہیں تو اس کے بدلے 500 روپے ماہانہ اور اگر اپنی بیٹی کو بھیجیں تو 1000 روپے دوں گی۔

رابی پیرزادہ ان بچوں کے گھروالوں کو اپنے بنائے ہوئے کیلی گرافی آرٹ کے پیسوں سے ان کےگھر خرچ کے لیے پیسے اداکریں گی۔ لہذٰا رابی نے تمام لوگوں سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کیلی گرافی آرٹ خرید کر ان بچوں کی تعلیم حاصل کرنے میں ان کی مدد کریں۔

رابی پیرزادہ نے مزید لکھا ’’ان بچوں کو میں نے پڑھانا ہے، مگر چیریٹی(خیرات)کے پیسوں سے نہیں بلکہ اپنی محنت سے۔ یہ بھی پاکستان ہیں۔‘‘

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔