وزیراعظم عمران خان کادل بلوچستان کے عوام کیساتھ دھڑکتا ہے، فردوس عاشق اعوان

ویب ڈیسک  بدھ 22 جنوری 2020
بارشوں اور برفباری سے متاثرین کی بحالی کیلئے بلوچستان حکومت سے ہرممکن تعاون کریں گے، فردوس عاشق فوٹو: فائل

بارشوں اور برفباری سے متاثرین کی بحالی کیلئے بلوچستان حکومت سے ہرممکن تعاون کریں گے، فردوس عاشق فوٹو: فائل

کوئٹہ: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا دل بلوچستان کے عوام کے ساتھ دھڑکتا ہے۔

کوئٹہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور برف باری سے بلوچستان میں جانی و مالی نقصان ہوا ، وزیراعظم عمران خان کی ہدایات پر این ڈی ایم اے نے صوبائی حکومت سے مل کر متاثرین کی بحالی کے لئے اقدامات کئے، متاثرین کی بحالی کے لئے صوبائی حکومت سے ہرممکن تعاون کریں گے۔ بلوچستان کی ترقی میں بلوچستان کے میڈیا کا بھی اہم کر دار ہے جنہوں نے مشکلات حالات میں اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر اپنے خون سے امن کی شمع روشن کرنے میں مدد کی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی امریکی صدر ٹرمپ سے اہم ملاقات ہوئی، امریکی صدر نے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کی ہے جس سے مسئلہ کشمیر ایک بار پھر دنیا میں اجاگر ہوا، وزیر اعظم عمران خان دنیا کے ہر فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ لڑرہے ہیں اور مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کررہے ہیں اور اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ بات چیت کے سوا مسئلہ کشمیر کے حل کا کوئی اور راستہ نہیں ۔بھارت نے طاقت اور ریاستی دہشت گردی سے مقبوضہ کشمیر میں بسنے والے کشمیریوں کی آواز کو دبایا ہے جسے پوری دنیا میں بے نقاب کررہے ہیں ، وزیراعظم عمران خان دنیا میں جہاں بھی جا رہے ہیں وہاں پر پاکستان میں سرمایہ کاری کی بات کررہے ہیں ،ہمارا ایجنڈا “امداد نہیں تجارت ” ہے جو کامیابی سے جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔