جنوبی افریقا کے خلاف کسی بیٹسمین نے اچھی کارکردگی نہیں دکھائی، مصباح الحق

ویب ڈیسک  بدھ 13 نومبر 2013
تمام پلیئرز کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے ٹیم میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، مصباح الحق۔ فوٹو ایکسپریس نیوز

تمام پلیئرز کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے ٹیم میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، مصباح الحق۔ فوٹو ایکسپریس نیوز

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے جنوبی افریقا کے خلاف ہار کی ذمہ داری بلے بازوں پر ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ سینیئر اور نوجوان سمیت کسی پلیئر نے اچھی پرفارمنس نہیں دی۔

لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے اعتراف کیا کہ کچھ عرصے سے قومی ٹیم کی  بیٹنگ لائن کلک نہیں کررہی، جس کی وجہ سے سینیئر اور نوجوان سمیت کسی پلیئر نے اچھی پرفارمنس نہیں دی، اگر قومی ٹیم کی ایسی کارکردگی رہی تو ہم دوسری کسی بھی ٹیم سے نہیں جیت سکتے، تمام پلیئرز کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے ٹیم میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

مصباح الحق  نے ٹیم کے لئے نہ کھیلنے کے الزام پر اپنی پرفارمنس کے اعداد وشمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستانی ٹیم کے لئے جو کچھ کرسکتا تھا وہ میں نے کیا، رواں سال میں نے 1700 رنز اسکور کئے، اس کے باوجود مجھے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ بری پرفارمنس والے کھلاڑیوں کو نکالنے کا فیصلہ سلیکشن کمیٹی کو کرنا ہے، مصباح نے شکست کی ذمہ داری لینے کے باوجود اپنے استعفے کے امکان کو مسترد کر دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔