پی آئی اے عملے کی مسافروں سے بد تمیزی؛ دھکے دیئے تھپڑ بھی مارے

ویب ڈیسک / طالب فریدی  بدھ 22 جنوری 2020

 لاہور: قومی ایئر لائن پی آئی اے کے عملے نے مسافروں سے بد تمیزی کرتے ہوئے دھکے دیئے تھپڑ بھی مارے جس کی ویڈیو منظر عام پر آگئی ہے۔

لاہور سے لندن جانے والی قومی ایئر لائن پی آئی اے کی پرواز پی کے 757 میں مسافر پی آئی اے کے عملے کو بتائے بغیر لگژری سیٹوں پر جاکر بیٹھ گئے جب عملے نے سیٹیں خالی کرنے کا کہا تو بات بڑھ گئی، پی آئی اے کے عملے کی مسافروں سے بد تمیزی کی ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی۔

پی آئی اے کے عملے نے چلتے طیارے میں مسافروں کو خوب برا بھلا کہا اور دھکے دیئے تھپڑ بھی مارے جب کہ ویڈیو بنانے والی ایک خاتون کا موبائل بھی چھین لیا۔

دیگر مسافروں نے معاملے کو سنبھالا مگر جب پرواز لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر پہنچی تو پی آئی اے کی شکایت پر دونوں مسافروں کو ہیتھرو ایئرپورٹ پر گرفتار کرلیا گیا۔ بعد ازاں لندن پولیس نے تفتیش کرنے کے بعد مسافروں کو رہا کردیا۔

یاد رہے پی آئی اے سمیت دیگر ملکی و غیر ملکی ایئرلائنز نے من پسند سیٹوں پر دوران پرواز سفر کرنے کے نئے کرائے متعارف کرا دیے ہیں، پی آئی اے کے عملے اور مسافروں میں اسی بات پر جھگڑا ہوا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔