پالتو بلی کی وجہ سے مالکن دو دن تک اپنے کچن میں محصور

ویب ڈیسک  جمعرات 23 جنوری 2020
خاتون جب بھی باورچی خانے سے باہر نکلنے کی کوشش کرتیں، بلی فوراً ان پر حملہ کردیتی۔ (فوٹو: وکی میڈیا)

خاتون جب بھی باورچی خانے سے باہر نکلنے کی کوشش کرتیں، بلی فوراً ان پر حملہ کردیتی۔ (فوٹو: وکی میڈیا)

بلی ویسے تو ایک بے ضرر پالتو جانور ہے لیکن شیر کی خالہ اگر کبھی پاگل پن کا شکار ہوجائے تو کیا کچھ کرسکتی ہے، اس کا اندازہ روس سے آنے والی اس خبر میں لگایا جاسکتا ہے۔

روسی شہر آرچ اینجلسک کی مقامی ریسکیو سروس کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ایک مقامی خاتون 19 جنوری سے 21 جنوری تک اپنے گھر کے باورچی خانے میں صرف اس لیے قید رہیں کیونکہ ان کی پالتو بلی پر پاگل پن کا دورہ پڑگیا تھا اور وہ خاتون جب بھی باروچی خانے سے باہر نکلنے کی کوشش کرتیں، بلی فوراً ہی ان پر حملہ کردیتی۔

پہلے تو خاتون نے بلی کا غصہ اور پاگل پن ختم ہونے کا انتظار کیا لیکن وہ مسلسل دو دن تک کسی مستعد چوکیدار کی طرح باورچی خانے کے دروازے پر ہی پہرہ دیتی رہی۔ ویسے تو اکیلی رہنے والی ان خاتون کا فلیٹ تیسری منزل پر ہے لیکن خوش قسمتی سے اس کے کچن کی کھڑکی سڑک کی طرف کھلتی ہے۔ لہذا دوسرے دن انہوں نے کھڑکی کھول کر مدد کےلیے پکارنا شروع کیا۔

ان کی آوازیں سن کر جلد ہی کچھ راہ گیر متوجہ ہوئے اور انہوں نے ریسکیو سروس فون کردیا۔ ریسکیو سروس کے نمائندے کچھ ہی دیر میں وہاں پہنچ گئے اور فلیٹ کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے۔ سب سے پہلے انہوں نے بلی کو قابو کیا اور پھر اُن خاتون کو اپنی ہی پالتو بلی کی جانب سے اس ’’حبسِ بے جا‘‘ سے نجات ملی۔

ریسکیو سروس کی پریس ریلیز میں یہ تو نہیں بتایا گیا کہ دو دن تک اپنے ہی گھر کے کچن میں محصور ہونے کے دوران خاتون نے رفع حاجت کا انتظام کیسے کیا، مگر اتنا ضرور معلوم ہوا ہے کہ ان خاتون کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے اور وہ بالکل خیریت سے ہیں۔

پالتو بلی کو بھی اب ایک پنجرے میں بند کرکے ان خاتون کے حوالے کردیا گیا ہے اور ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی بلی کے اس عجیب و غریب برتاؤ کے بارے میں جاننے اور اس کیفیت کے علاج کےلیے جلد از جلد جانوروں کے کسی ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔