پروٹیز نے شاہینوں کو پہلے ٹی ٹونٹی میں 9 وکٹوں سے پچھاڑ دیا

ویب ڈیسک  بدھ 13 نومبر 2013
جنوبی افریقا کی جانب سے کوئنٹن ڈی کوک نے 48، فاف ڈوپلیسی نے 37 جبکہ ہاشم آملہ نے 13 رنز اسکور کئے۔ فوٹو؛ اے ایف پی

جنوبی افریقا کی جانب سے کوئنٹن ڈی کوک نے 48، فاف ڈوپلیسی نے 37 جبکہ ہاشم آملہ نے 13 رنز اسکور کئے۔ فوٹو؛ اے ایف پی

دبئی: جنوبی افریقا نے بائولنگ کے بعد بیٹنگ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے ٹی ٹونٹی انٹر نیشنل میں پاکستان کو9 وکٹوں سے شکست دے کر 2 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔

دبئی کے انٹر نیشنل کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے جا نے والےمیچ میں پاکستان کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے تقصان پر98 رنز بنائے۔ 99 رنز کے تعاقب میں جنوبی افریقا نے مقررہ ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر پندرویں اوور میں پورا کر لیا۔ جنوبی افریقا کی جانب سے کوئنٹن ڈی کوک نے 48، فاف ڈوپلیسی نے 37 جبکہ ہاشم آملہ نے 13 رنز اسکور کئے۔ پاکستان کی جانب سے واحد وکٹ سہیل تنویر نے حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان کے کپتان محمد حفیظ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ایک روزہ میچوں کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے مایوس کن بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور سوائے عمر اکمل کے پوری ٹیم جنوبی جنوبی افریقی باولرز کے سامنے بے بس دکھائی دیئے۔ عمر اکمل نے سب سے زیادہ 49 رنز بنائے جبکہ ٹی ٹونٹی ٹیم میں طویل عرصے کے بعد واپس آنے والے عبدالرزاق اور شعیب ملک بھی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور دونوں کھلاڑیوں نے بالترتیب 10 اور 12 رنز بنائے، شاہد آفریدی بھی صرف 10 رنز اسکور کر سکے۔ پاکستان کی وکٹین گرنے کا سلسلہ میچ کے افتتاحی اوور سے شروع ہوا جب احمد شہزاد بغیر کوئی رنز بنائے پانچویں گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے اس کے بعد وقفے وقفے سے پاکستان کی وکٹین گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 98 رنز بنائے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے ڈیل اسٹین نے 3 جبکہ لونویبو ٹوٹوبے سے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 9 رنز کےعوض 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، پاکستانی نژاد عمران طاہر نے بھی 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ریان میکلیرن کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

واضح رہے کہ پاکستان کی ٹی ٹونٹی کرکٹ میں رواں برس یہ پہلی شکست ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔