فرانسیسی صدر نے اسرائیلی سیکیورٹی اہلکار کو چرچ سے باہر نکال دیا 

ویب ڈیسک  جمعرات 23 جنوری 2020
قوانین کا احترام کرو اور یہاں سے باہر جاو، فرانسیسی صدر

قوانین کا احترام کرو اور یہاں سے باہر جاو، فرانسیسی صدر

فرانسیسی صدر ایمانیول میکرون چرچ آف سینٹ این کے دورے کے دوران فرانسیسی اہلکاروں کے ساتھ اسرائیلی سیکیورٹی اہلکاروں کو دیکھ کر برہم ہو گئے اور انہیں باہر نکلنے کا حکم دیا۔

فرانسیسی صدر ایمانیول میکرون اسرائیل میں موجود ہیں جہاں انہوں نے مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد الاقصیٰ کا دورہ بھی کیا تاہم میکرون چرچ آف سینٹ این میں داخل ہوتے ہوئے فرانسیسی سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ اسرائیلی سیکیورٹی فورسز دیکھ کر برہم ہوگئے اور انہیں چرچ سے باہر نکلنے کا حکم دے دیا۔

فرانسیسی صدر مقبوضہ بیت المقدس میں چرچ آف سینٹ این میں داخل ہونے لگے تو اسرائیلی سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے بھی ان کے ہمراہ اندر جانے کی کوشش کی جس پر وہ غصے میں آگئے اور اسرائیلی سیکیورٹی فورسز کو باہر جانے کا حکم دیا۔

اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی ہے جس میں ایمانیول میکرون اسرائیلی سیکیورٹی اہلکار پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ مجھے مت سکھاؤ، سب کو یہاں کے قوانین کا پتہ ہے، تم نے میرے سامنے جو حرکت کی وہ مجھے بالکل اچھی نہیں لگی، یہاں سے باہر جاؤ۔

فرانسیسی صدر نے کہا کہ یہاں کے قوانین صدیوں سے ہیں، ان کا احترام کرو، یہ قوانین صرف میرے لیے تبدیل نہیں ہوسکتے لہذا قوانین کا احترام کرو اور یہاں سے جاؤ۔

واضح رہے مقبوضہ بیت المقدس کا چرچ آف سینٹ این فرانس کی ملکیت ہے جو سلطنت عثمانیہ نے 1856 میں فرانسیسی شہنشاہ نپولین سوئم کو بطور تحفہ دیا تھا اور یہاں پر سیکیورٹی کی ذمہ داری بھی فرانس کی ہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔