کراچی میں آٹے کی سپلائی میں بہتری، ذخیرہ شدہ گندم بھی مارکیٹ میں آگئی

احتشام مفتی  جمعرات 23 جنوری 2020
کراچی کی 71 فلور ملیں 430 روپے کے عوض 10 کلو گرام آٹے کے 4 ہزار تھیلے روزانہ 6 اضلاع کو بھیج رہی ہیں، فلورز ملز ایسوسی ایشن (فوٹو : فائل)

کراچی کی 71 فلور ملیں 430 روپے کے عوض 10 کلو گرام آٹے کے 4 ہزار تھیلے روزانہ 6 اضلاع کو بھیج رہی ہیں، فلورز ملز ایسوسی ایشن (فوٹو : فائل)

 کراچی: حکومتی اقدامات کی بدولت کراچی میں آٹے کی قیمت اور سپلائی بتدریج بہتر ہونے لگی جب کہ ذخیرہ شدہ گندم بھی مارکیٹ میں آنا شروع ہوگئی۔

ان اقدامات کے سبب جمعرات کو اوپن مارکیٹ میں فی کلو گرام گندم کی تھوک قیمت گھٹ کر 51 روپے کی سطح پر آگئی اسی طرح خوردہ سطح پر فی کلو گرام ڈھائی نمبر آٹے کی قیمت 45 روپے، فائن آٹا 60 تا 65 روپے فی کلو گرام جبکہ فی کلو گرام چکی آٹا کی قیمت 65 تا 68 روپے کی سطح پر آگئی ہے۔

پاکستان فلورز ملز ایسوسی ایشن سندھ ریجن کے چئیرمین خالد مسعود نے ایکسپریس کو بتایا کہ کراچی کی 71 فلور ملوں کی جانب سے یومیہ 4 ہزار 10 کلو گرام آٹے کے تھیلے کراچی کے 6 اضلاع کو بھیجے جا رہے ہیں جو ہر ضلع کی انتظامیہ کے ذریعے 430 روپے میں10 کلو آٹے کی بوری عوام کو فراہم کیا جارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاسکو کے ڈیرہ اللہ یار کے گودام سے پہنچنے والی گندم کے150 لاکھ بوریاں فلور ملوں کو فراہم کردی گئی ہیں اور جمعرات کو بھی کراچی کی تمام فلور ملوں کو مزید 600 گندم کی بوریاں فراہم کی گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزارت خوراک سندھ اور فلور ملز ایسوسی ایشن کی مشترکہ حکمت عملی کی بدولت سندھ میں اب آٹے کی قیمت اور سپلائی کا کوئی بحران نہیں ہے۔ واضح رہے کہ خوردہ مارکیٹ میں کچھ فلور ملوں کا برانڈڈ 10کلو گرام فائن آٹے کا تھیلا 650 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔