ملک بھر میں بارش برسانے والا سسٹم کل داخل ہوگا

شبیر حسین / اے پی پی  جمعـء 24 جنوری 2020
چیئر مین این ڈی ایم اے کی صدر ووزیراعظم آزادکشمیر سے ملاقات، نقصان پر تبادلہ خیال

چیئر مین این ڈی ایم اے کی صدر ووزیراعظم آزادکشمیر سے ملاقات، نقصان پر تبادلہ خیال

 لاہور /  اسلام آباد /  مظفر آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں بارش برسانے والا سسٹم کل داخل ہوگا۔

جمعہ کی رات کو پہاڑوں پر برف باری جبکہ ہفتہ کو بارش ہونے کے امکانات ہیں جس سے سردی کی شدت بدستور قائم رہے گی۔ گزشتہ روز ملک بھر میں کم سے کم درجہ حرارت سکردو میں منفی 18ڈگری ریکارڈ کیاگیا۔

دوسری جانب چیئرمین این ڈی ایم اے لفٹنٹ جنرل محمد افضل نے آزاد کشمیر نیلم ویلی کے برفانی تودوں سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور وزیر اعظم کی جانب سے برفباری و بارشوں کے متاثرین کیلئے امدادی پیکیج کا اعلان کردیا۔جاN بحق افراد کے لواحقین کو5 لاکھ جبکہ زخمیوں کو 50  ہزار روپے مالی امداد دی جائے گی۔ مکمل تباہ شدہ مکانوں کے مالکان کو1 لاکھ روپے جبکہ جزوی متاثرہ مکانوں کے لیے25 ہزار سے 50 ہزار روپے تک امداد دی جائے گی۔

دریں اثنا چیئر مین این ڈی ایم اے نے صدر سردار مسعود خان اور وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان سے الگ الگ ملاقات کی اور وادی نیلم میں حالیہ برف باری سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات، میرپور کے زلزلہ متاثرین کی بحالی سمیت دیگر متعلقہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔

وزیر اعظم آ زاد کشمیر نے کہا کہ برفباری کے بعد چیلنج سے نمٹنے میں پاک فوج ، ایس ڈی ایم اے ، ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے بھرپور اور فعال کردار ادا کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔