جرمنی میں مسلح شخص کی راہگیروں پر فائرنگ، 6 افراد ہلاک اور متعدد زخمی

ویب ڈیسک  جمعـء 24 جنوری 2020
پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، فوٹو : فائل

پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، فوٹو : فائل

میونخ: جرمنی میں ایک مسلح شخص نے عوامی مقام پر راہگیروں پر اندھا دھند فائرنگ کرکے 6 افراد کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمنی کی جنوب مغربی ریاست باڈن ورٹمبرگ کے ایک شہر ‘روٹ اَم زے‘ میں مسلح شخص نے ایک عمارت سے باہر نکلنے والے راہگیروں پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جا رہا ہے۔

پولیس نے تعاقب کرکے 33 سالہ ملزم کو حراست میں لے لیا ہے، ابتدائی طور پر فائرنگ کی وجوہات کا تعین نہیں ہوسکا ہے تاہم حملہ آور کا مرنے والے افراد سے ’تعلق‘ تھا اور وہ ایک دوسرے کو اچھی طرح جانتے تھے۔ فائرنگ کا واقعہ ذاتی رنجش کا سبب لگتا ہے۔

پولیس ترجمان نے حملہ آور کی گرفتار کی تصدیق کردی ہے تاہم ملزم اور ہلاک ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ تفتیشی عمل مکمل ہونے کے بعد میڈیا کو تفصیلات جاری کی جائیں گی۔ پولیس نے علاقے کا محاصرہ کرکے سڑک کو ہرقسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔