ترکی ؛ تھوک کر پیزا دینے والے ڈلیوری بوائے پر جرمانہ، 18 سال قید کا بھی امکان

ویب ڈیسک  جمعـء 24 جنوری 2020
ڈلیوری مین کی پیزا پر تھوکنے کی ویڈیو صارف کے پڑوسی نے بنالی تھا (فوٹو : فائل)

ڈلیوری مین کی پیزا پر تھوکنے کی ویڈیو صارف کے پڑوسی نے بنالی تھا (فوٹو : فائل)

ترکی میں ڈلیوری بوائے کو پیزا پر تھوک کر صارف کو پہنچانے پر  4 ہزار لیرا جرمانہ عائد کردیا گیا جب کہ اسے 18 سال قید کی سزا بھی متوقع ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی کی مقامی عدالت میں پیزا ڈلیوری مین کے خلاف مقدمے کی سماعت ہوئی، جس پر صارف کو پیزا پہنچانے سے قبل پیزے پر تھوکنے کا الزام تھا۔

مقامی عدالت پہلے ہی ڈلیوری مین پر 4 ہزار لیرا کا جرمانہ عائد کرچکی ہے جب کہ جان بوجھ کر آلودہ کھانا پہنچا کر صارف کی صحت کو خطرے میں ڈالنے پر ڈلیوری مین کو 18 سال کی قید کی سزا بھی سنائی جاسکتی ہے۔

ملزم کے وکیل نے عدالت سے کیس کی تیاری میں مزید وقت حاصل کرکے 18 سال کی متوقع سزا کو فی الحال ٹال دیا ہے تاہم ملزم کے بچ نکلنے کے امکانات کافی کم لگتے ہیں۔

ڈلیوری مین کے پیزا پر تھوکنے کا منظر صارف کے اپارٹمنٹ کے ایک رہائشی نے سی سی ٹی وی فوٹیجز کا ریکارڈ دیکھنے کے دوران دیکھا اور اپنے موبائل فون پر محفوظ کر کے صارف کو بھی دکھایا دی جس پر ڈلیوری مین کے خلاف مقدمہ قائم کیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔