ماؤنٹ ایورسٹ سر کرکے قومی پرچم لہرانا چاہتا ہوں، پاکستانی کوہ پیما اسد علی

زبیر نذیر خان  جمعـء 24 جنوری 2020
پاکستانی کوہ پیما قبل ازیں یورپ کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ البرس بھی سر کرچکے ہیں۔ فوٹو : فائل

پاکستانی کوہ پیما قبل ازیں یورپ کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ البرس بھی سر کرچکے ہیں۔ فوٹو : فائل

 کراچی: پاکستانی کوہ پیما اسد علی میمن کا کہنا ہے کہ خواہش ہے کہ سب سے بلند چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سمیت تمام 7 چوٹیوں کو سر کروں۔

سیون سمٹ میں شامل ارجنٹائن کی 6 ہزار961 میٹر بلند چوٹی آکونکا گووا کو سر کرنے والے پاکستانی کوہ پیما اسد میمن نے بیونس آئرس سے نمائندہ ایکسپریس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی پر بہت خوش ہوں، سخت ترین سرد موسم میں تیزوتند ہواؤں کا سامنا کیا اور چوٹی پر پہنچ کر پاکستان کا پرچم لہرایا۔

اسد علی میمن نے کہا کہ 10 کلو وزنی اور 150 فٹ طویل قومی اور کشمیری پرچم لہرانا میرے لیے اعزاز رہا، لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے اسد علی میمن نے اپنی کامیابی کشمیری عوام سمیت پاک افواج کے جوانوں کے نام کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کو بھی سر کرکے قومی پرچم لہرانا چاہتے ہیں۔

پاکستانی کوہ پیما قبل ازیں یورپ کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ البرس بھی سر کرچکے ہیں، جس کی بلندی 5 ہزار 642 میٹرز ہے، سندھ حکومت کے محکمہ کھیل کے تعاون سے 2 چوٹیاں سر کرنے والے اسد علی میمن نے کہا کہ اب میرا ہدف تمام ساتوں بلند چوٹیاں سرکرنا ہے جس میں 8 ہزار 848 میٹرز بلند ماؤنٹ ایورسٹ بھی شامل ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔