اداکار محسن عباس نے بچے کے اخراجات دینے سے انکار کردیا

ویب ڈیسک  جمعـء 24 جنوری 2020
طلاق کے بعد فاطمہ سہیل نے بچے کی اخراجات کے لیے مقدمہ دائر کیا ہوا ہے (فوٹو: فائل)

طلاق کے بعد فاطمہ سہیل نے بچے کی اخراجات کے لیے مقدمہ دائر کیا ہوا ہے (فوٹو: فائل)

 لاہور: اداکار و میزبان محسن عباس نے اہلیہ کی جانب سے بچے کے اخراجات کے حصول کے لیے دائر مقدمے میں بے روزگاری اور پیسے نہ ہونے کی وجہ سے بچے کی کفالت سے انکار کر دیا۔

ایکسپریس ٹریبیون کے مطابق فاطمہ سہیل نے بچے کے اخراجات کے حصول کے لیے سابق شوہر محسن عباس کے خلاف فیملی کورٹ میں مقدمہ دائر کیا تھا۔ اداکار محسن عباس نے عدالت میں جمع کرائے گئے جواب میں موقف اختیار کیا ہے کہ وہ کافی عرصے سے بے روزگار ہیں اور اب ان کے پاس اتنے بھی پیسے نہیں کہ وہ بچے کی کفالت کے لیے رقم دے سکیں۔

یہ پڑھیں : نازیبا ویڈیو میری نہیں، ایف آئی اے میں شکایت درج کرا دی، فاطمہ سہیل

اداکار محسن عباس نے مزید کہا کہ اس سے پہلے جب تک میرے پاس پیسے تھے تو میں اہلیہ اور بچے کے اخراجات کے لیے پیسے دیتا آیا ہوں لیکن اب میرے مالی حالات اس بات کی اجازت نہیں دیتے۔

فیملی کورٹ کی جج ماریہ حسن نے محسن عباس کا موقف جاننے کے بعد اگلی سماعت کے لیے 27 جنوری کی تاریخ طے کردی ہے جس کے لیے فریقین کے وکلا کو سمن جاری کردیئے گئے۔

یہ خبر پڑھیں: محسن عباس حیدراور ان کی اہلیہ کے درمیان علیحدگی ہوگئی

واضح رہے کہ فاطمہ سہیل نے گزشتہ برس اپنے شوہر پر تشدد اور بے وفائی کا الزام لگایا تھا جس کے بعد فاطمہ سہیل نے خلع کے لیے مقدمہ دائر کیا تھا اور عدالت نے دونوں کے درمیان علیحدگی کی ڈگری جاری کردی تھی جس کے بعد فاطمہ سہیل نے سابق شوہر سے بچے کے اخراجات لینے کے لیے مقدمہ دائر کیا ہوا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔