ٹینا کانڈیلاکی

ناصر ذوالفقار  اتوار 26 جنوری 2020
رُوس کی سب سے بااثر اور امیر ترین میڈیا پرسن خاتون!۔ فوٹو: فائل

رُوس کی سب سے بااثر اور امیر ترین میڈیا پرسن خاتون!۔ فوٹو: فائل

کہا جاتا ہے کہ خوب صورتی دیکھنے والے کی آنکھوں میں سمائی ہوتی ہے لیکن ایک خوب صورتی وہ بھی ہے جو کہ سر چڑھ کر بولتی ہے۔ روس کی مایہ ناز ماڈل ٹینا کانڈیلاکی ایسی ہی ایک خوب رو خاتون ہیں بلکہ اس سے کہیں بڑھ کر وہ ایسی ذہانت سے لبریز ’’جینئس بیوٹی‘‘ کی حامل ہیں جو کہ مقابلہ حسن کی ایک شرط ہوتی ہے، لہٰذا مقابلے کی شریک امیدواروں کی اکثریت جسمانی اور چہرے کی خوب صورتی رکھنے کے باوجود کسی نہ کسی شعبہ ہائے زندگی میں اپنے آپ کو منوانے کی جستجو بھی کررہی ہوتی ہے، کیوںکہ وہ بخوبی جانتی ہیں کہ کشش و خوب صورتی ایک روز ساتھ چھوڑ جائے گی لیکن ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور قابلیت زندگی بھر ہم سفر رہے گی۔

روس اور دنیا کی پہلی خاتون خلاء باز ویلنٹینا اور پہلی خلائی چہل قدمی کرنے والی ’’سوتیسکایا‘‘ دونوں خواتین نے ساری دنیا کے لوگوں کو باور کرادیا تھا کہ وہ مردوں کے شانہ بشانہ ہر مشکل کام کرسکتی ہیں۔ آج خواتین کو بااختیار بنانے کی مثالیں روس میں عام دیکھی جاسکتی ہیں جہاں مردوں کی بیساکھیوں کے بغیر خواتین نے معاشرے میں بلندمقام حاصل کیا ہے۔ ٹینا بھی ایسی ہی خاتون ہیں جنہوں نے محض اپنی ظاہری خوب صورتی کو اپنا ہتھیار نہیں بنایا بلکہ اپنی تعلیمی قابلیت، ہنرمندی اور ذہانت سے اپنا کیریئر بنایا ہے۔

وہ ایک بہترین فٹنس کی ماہر، سُپرماڈل، ٹی وی اینکر اور پروڈیوسر اور کاروباری خاتون ہیں جو کہ جادوئی شخصیت رکھتی ہے۔ پُراعتماد، اعلیٰ ذوق، پرُغذائیت کھانے تیار کرنی کی ماہر اور خوش لباس ٹینا کانڈیلاکی صرف 35 سال کی عمر میں ملک کا پہلا جدید تعلیمی پروجیکٹ دے چکی ہیں۔ اس خاتون میڈیا شخصیت کے بارے میں آگاہی قارئین اور خاص طور پر خواتین کے لیے نہایت دل چسپی کا باعث ہوگی۔

10نومبر 1975 ء کو روس کی ریاست جارجیا کے علاقے ’’تبلیسی‘‘ (Tbilisi) میں آنکھ کھولنے والی ٹیناکانڈیلاکی کا پورانام ’’تینا تِن جیونیا کاندیلا کی ‘‘ ہے۔ خیال رہے کہ روسی اور یورپی زبانوں میں ٹی کے بجائے ’’ت‘‘ کی آواز استعمال ہوتی ہے۔ اسی طرح عربی کے تلفظ میں بھی ت ہی بولا جاتا ہے، لہٰذا تینا کو انگریزی کی طرح ’’ٹینا ‘‘ پکارا جاتا ہے۔ یہ خوب رو 44 سالہ خاتون صحافی ہونے کے ساتھ پبلک فیگر، ٹی وی میزبان اور پروڈیوسر بھی ہیں۔ ٹینا روس کی ایک جانی پہچانی اور مانی ہوئی میڈیا شخصیت ہیں ٹی وی اینکر اور پروڈیوسر کے طور پر ان کا نام روس کی نمایاں ترین اور کام یاب خواتین میں سرفہرست ہے۔

ٹینا اپنے بلاگ سے بھی زبردست شہرت اور پذیرائی رکھتی ہیں جن کے بلاگ کے صارفین کی تعداد 50 لاکھ تک پہنچ چکی ہے، جو روس میں ان کی پسندیدگی کی سب سے بڑی دلیل ہے۔ وہ اکثر ٹیوئٹس اور فیس بک پوسٹنگ کے ذریعے اپنے تجربات کی روشنی میں ماہرانہ اظہارخیال کرتی رہتی ہیں جو کہ ملک کے تعلیمی نظام، ٹرانسپورٹ انفرااسٹریکچرا، سماجی مسائل، صحت اور خواتین کے بناؤ سنگھار سے متعلق ہوتا ہے، جس کے لیے وہ قیمتی مشورے بھی دیتی ہیں۔

ٹینا ایک ماہرفٹنس بھی ہیں اور اپنی صحت کا بہت خیال رکھتی ہیں اور کہتی ہیں کہ 40 سال سے اوپر ہونے کے باوجود انہیں درمیانی عمر کے حامل افراد کے مسائل کا سامنا نہیں ہے۔ اسی لیے وہ دو عشروں سے زائد ٹاپ پوزیشن پر ہیں۔ جو ٹینا کی اصل شخصیت سے ناآشنا ہیں وہ ان کی فزیکل فٹنس کی تصاویر دیکھ اندازہ لگاتے ہیں کہ اس خاتون کی وجہ شہرت محض ٹینا کا باطنی حسن او ر پرکشش ہونا ہی ہے جب کہ ایسا ہرگز نہیں ہے۔ کانڈیلاکی کی اصل وجہ شہرت ان کی اعلیٰ تعلیمی قابلیت، ذہانت اور علمی وفنّی مہارت ہے۔ جسمانی فٹنس کے ساتھ وہ روس کے کھیلوں کے چینل میچ “MACH” کی عمومی پروڈیوسر ہیں۔ وہ تین بار نیشنل ٹی وی ایوارڈ جیت چکی ہیں اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

ٹینا کے والد جی وی کانڈیلاکی (1942-2009) جارجیا کے ایک ماہرمعاشیات تھے اور سبزیوں کے ڈیپارٹمنٹ میں ڈائریکٹر تعینات تھے۔ اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد وہ ماسکو آگئے۔ وہ قابل احترام خاندان “Kandelakis” سے تعلق رکھتے تھے جو جارجیا کی ’’کیشیا۔ یونانی‘‘ نسل ہے جوکہ ابتدائی اعلیٰ خاندان “Mediveal” کی شاخ ہے، جب کہ ٹینا کی والدہ اَ لوِیرا کینڈیلاکی ایک نیرولوجسٹ ہیں اور آرمینین نسل سے تعلق رکھتی ہیں۔ ٹینا نے مقامی تبلیسی ہائی اسکول سے گریجویٹ کیا۔ 1993 ء میں انہوں نے مقامی تبلیسی یونیورسٹی کے میڈیکل کے شعبے میں داخلہ لیا لیکن جلد ہی انہوں نے محسوس کرلیا کہ وہ ایک ڈاکٹر کی حیثیت سے نہیں بلکہ ایک صحافی کے طور پر خود کو منواسکتی ہیں، لہٰذا انہوں نے میڈیکل کی تعلیم چھوڑ کر ’’صحافت‘‘ کے شعبے میں تبادلہ کروالیا۔ اُنہیں روس کی اسٹیٹ یورنیورسٹی آف ہیمونیٹکس کے ڈیپارٹمنٹ ’’فارن افیئرز‘‘ سے ڈگری عطا کی گئی۔

کیریئر کی شروعات: ٹیناکانڈیلاکی کے کیریئر کی ابتداء مقامی ’’ریڈیو اسٹیشن 105 ‘‘ سے ہوئی تھی۔ 1995 ء میں والد کی ملازمت پوری ہونے کے بعد آبائی شہر چھوڑ کر والد کے ساتھ ماسکو میں مقیم ہونا پڑا۔ ماسکو آکر اس ذہین اور حسین خاتون کے لیے ترقی وکام رانیوں کے سارے دروازے کھلتے چلے گئے اور اس نے ماسکو میں متعدد ریڈیو و ٹیلی ویژن اسٹیشنوں پر کام کیا، جن میں M-Radio،RDV ،Silver Rain Radio ، 2×2 ،Biz-Tv،Muz Tv ،Vremechko اور TV6 شامل ہیں۔ ستمبر2002 ء سے وہ ٹاک شوز کی میزبانی کرنے لگیں یہ STS چینل تھا جہاں مقبول روسی شخصیات ان کی مہمان بنتیں تھیں۔

فروری 2003 ء میں ٹینا نے پروگرام “The Smartest Choice” کی میزبانی شروع کی جسے برطانیہ کے مقبول عام ٹی وی پروگرام “Britain’s Brairlist Kid” سے اخذ کیا گیا تھا جو کہ ایک ذہنی آزمائش کے مقابلوں کا شو ہے۔ 2004 ء میں انہوں نے اپنا پہلا قومی ایوارڈ TEFIبطور بہترین میزبان ’’ٹاک شو‘‘ کے لیے وصول کرلیا تھا۔

ان شوز کی میزبانی پر ٹینا کو دو مزید نیشنل ٹی و ی آرٹس ایوارڈز سے نوازا گیا۔ 2008 ء میں ٹینا نے Sergery Dorenko کے ساتھ پیشہ ورانہ سیاسی گفتگو کا پروگرام “Eco of Moscow”  پیش کیا۔ یہ روسی ریڈیو کے لیے ہوا کرتا تھا 2009ء میں NTV سے پیش کیے جانے والے شو  Politics” “Unrread کی میزبانی ٹینا کانڈیلاکی کے ہنرمند ہاتھوں میں آگئی۔

دراصل یہ پروجیکٹ آن لائن ٹی وی پروگرامنگ کی آزمائشی نشریات کے طور پر شروع کیا گیا تھا۔ جلد ہی ’’اَن رِیڈ پولیٹکس‘‘ روس کا ایک بہت مقبول عام ٹاک شو بن گیا جس میں سیاست، کاروبار، انٹرٹینٹمنٹ سے معروف شخصیات شرکت کرتی تھیں۔ اسی سال ٹینا کو دو اور شوز کی آفر ہوگئیں اور وہ ’’چینل ون‘‘ کا “Two Stars” اور “Informania” ہے جو کہ چینل ’’ایس ٹی ایس‘‘ کے لیے تھا اس کی پروڈیوسر بھی ٹینا تھیں۔ ’’انفارمینیا‘‘ اپنی نوعیت کا ایک منفرد پروگرام تھا جس میں غیرمعمولی سوچ و خیالات رکھنے والے سامعین کے لیے تھا جس نے پسندیدگی کے ریکارڈز بنائے۔ 2010 ء میں ٹینا نے چینل KVNکے لیے ٹی وی گیم شو ’’ٹاپ لیگ‘‘ کیا۔ اسی سالSTS  چینل کے پروگرام کی وہ جیوری ممبر بنیں اس کا نام “Perect Man” تھا۔ یہ شو Bolshaya Raznitsa کا پیروڈی شو تھا جس کی میزبان Odessa تھیں اسے روسی چینل ’’رشین ون‘‘ پر دکھایا گیا۔

دل چسپی اور رجحانات : انکے پسندیدہ موضوعات ٹیکنالوجی، ایجادات، مستقبلیات، میڈیسن، سنیما، میوزک اور کتابیں ہیں، پسندیدہ موسیقی  “Bi 2″, “Elsa’s Ocean” کی رہی ہے جب کہ پسندیدہ موسیقاروں میں Tengiz Abuladze نمایاں ہیں۔ فلموں کے حوالے اسے ان کے فیورٹ ہدایت کار اسٹیون اسپیل برگ، Nikita Mikalkov ،Darren ،Aronofsky ، Woody Allen اور اولیور اسٹون ہیں۔ ان کے چاہنے والے لکھاری جین پال ساترے اور Gabiel Garcia Murgvoz ،Dimitry Bykov ، Victor Pelevin،Tatyana Tolskaya اور Lyudmila Ulitkayer جیسے مصنف ہیں جو ان کے مطالعہ کا حصہ رہے ہیں۔ ٹینا کا پسندیدہ اقتباس ہے، “Changing The World Around You is  Naver Too Late”! (اپنے اطراف کی دنیا کو بدلیں کہ کہیں دیر نہ ہوجائے!) ٹینا سفر کی دل دادہ ہیں اور تن تنہا ہی چھٹیوں پر ٹریولنگ کے لیے نکل پڑتی ہیں۔ وہ سنیما دیکھنے کی اتنی شوقین ہیں کہ بیک وقت دو، دو شوز دیکھ لیتی ہیں اور پھر ان پر ماہرانہ تجزیہ بھی اپنے دوستوں اور فینز سے کرتی ہیں۔

سیاسی وسماجی خدمات: نومبر 2007 ء میں کینڈیلاکی نے جارجیا کے صدر Mikheil Saakashvili کی پالیسیوں پر سخت تنقید کرڈالی۔ اکتوبر 2009 ء میں وہ”  چیمبرزآف دی رشین فیڈریشن‘‘ کی ممبر برائے ’’تعلیمی کمیٹی‘‘ بن چکی تھیں جوکہ چیمبر کی طرف سے منظم کی گئی ہے۔

انہیں روسی صدر Dmitry Medvedev نے اس کمیٹی کا رکن بننے کی دعوت دی تھی۔ ٹینا کو غیرمعمولی اور زبردست صلاحیتوں کے حامل بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے چنا گیا تھا تاکہ وہ ان کے رجحانات کو پروان چڑاسکیں۔ ٹینا نے یہاں اپنی بہترین علمی قابلیت کو بروئے کار لاتے ہوئے عمدہ کارکردگی دکھائی اور اعلیٰ صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔ اس نے روسی اسکولوں میں جدید ٹیکنالوجیز اور نئے رجحانات کو نہ صرف متعارف کراوایا، فروغ د لایا اور ترقی سے ہم کنار بھی کروایا جو کہ ان کے پختہ عزم و ارادے کی دلیل ہے۔ اپنے مقاصد کی تکمیل کے لیے ٹینا نے گول میز کانفرنسز کی سیریز بلائی۔ کانفرنسوں کے اس سلسلے کا موضوع تھا “The Internet as an instrument of revealing weak spots of society” and “How would the Russian education system change under the pressure of demographic problems?” ۔ ان کانفرنسوں میں روسی علاقوں میں ان کے نمائندے، فیڈرل اسٹیٹ اتھاریٹیز اور بااثر کاروباری و معروف بلاگرز شامل تھے۔

28 فروری 2012 ء کو ٹینا نے ایک اور گول میز کانفرنس منظم کی۔ اس بار اس کا انعقاد صدارتی الیکشن کے موقع پر کیا گیا جس میں تمام صدارتی امیدواروں کو ملاقات کی دعوت دی گئی تھی۔ اس کا موضوع تھا ،”The Future of Russian Education:How to Aviod A Catastrophic?۔ (روسی تعلیمی نظام کا مستقبل!: کیسے ایک تباہی سے دور رہیں؟) 26 اگست 2011 ء کو ہوٹل Baltschug Kempinsi” ” ماسکو میں ٹینا نے روس کا پہلا قومی تعلیمی پروجیکٹ لاؤنچ کیا۔ اس کا عنوان “Smart School” ہے۔ 25 فروری 2012 ء میں وہ مانیٹرنگ گروپ کے عوامی کونسل”Clean Elections” کی سربراہ بن چکی تھیں۔ اس کوآرڈینیشن کونسل کو نوجوان وکلاء کی ایسوسی ایشن نے منظم کیا تھا۔ اسی سال مارچ 2012 ء کی شام کونسل کی جانب سے ٹینا نے اپنے لائیو جرنل میں یہ اعلان کردیا ’’ایڈووکیٹ وکلاء کے مطابق ولادی میر پیوتن الیکشن کے پہلے مرحلے میں کام یاب ہوچکے ہیں!‘‘

کیریر بطور سپُرماڈل: روس میں اس قابل تحسین حسینہ کا چہرہ نہایت تیزرفتاری سے ملک کا نمایاں ترین اور بین الاقوامی برانڈ کا چہر ہ بن گیا۔ اس میں پروکٹر اینڈ گیمبل(Procter & Gamble) ، آؤڈی(AUDI) ، Diane von Furstenberg جیسی کمپنیوں شامل ہیں جنہوں نے اسے کاسٹ کرنا شروع کردیا اور یہی وجہ بنی 2012 ء میں وہ سب سے زیادہ معاوضہ پانے والی ’’روسی اسٹار‘‘ قرار پائی جب اس نے “Oriflame” کے ساتھ معاہدہ کرلیا۔ کئی سالوں سے روسی ’’جینئس اسٹار‘‘ اپنے ملک کی امیر ترین ستاروں کی ریٹنگ میں شامل رہی ہیں، ’’فوربس میگزین‘‘ متعدد بار اپنے میگزین کو ٹینا کے چہرے سے زینت بنا چکا ہے اس کے مطابق وہ کئی سالوں سے وہ روسی خواتین میں سب سے زیادہ امیر اور بااثر خاتون کی فہرست میں شامل رہی ہیں۔

وہ روس کے مقبول عام جریدوں “ELLE” اور “Glamour Russia” کے سرخ کی زینت بنتی رہی ہیں اور ان کی اشاعت میں فیشن گرل کے طور پر پیش ہوتی رہتی ہیں۔ 20 جنوری 2012 ء کو ٹینا نے ایک نیا سیاسی ٹاک شو لاؤنچ کردیا جس کی معاونت معروف وڈیو بلاگر Dmitry Kamikadze  نے کی تھی۔ اس کا عنوان تھا “A flight with Kamikadze”۔ ٹینا کے مشہور کاسمیٹکس کمپنی” Oriflame ” سے معاہدے کی رو سے انہیں کمپنی پروڈکٹس کے لیے دوسال تک پرفارمینس دینی تھی، جس میں روس اور وسطی خودمختار ریاستوں (CIS) میں کمپنی کے کاسمیٹکس کی فروخت کے پروگراموں کو پیش کرنا تھا۔ اگرچہ یہ کوئی آفیشلی معلومات نہیں ہیں پھر بھی خو دٹینا کانڈیلاکی کے آشکار کردہ ڈیٹا کے مطابق اس کنٹریکٹ کی مالیت کا اندازہ 2,000,000 یا دوملین ڈالر بتایا گیا ہے۔

ایوارڈ اور اعزازات: 2006ء: روسی اسٹائل اور فیشن کا ایوارڈ “Astra” برائے سب سے زیادہ اسٹائلش ٹی وی اینکر خاتون جیتا۔ 2006 ء :گلیمر میگزین ایوارڈ “Form and content” جیتا۔ ٹینا کی سب سے زیادہ کسی روسی پُرکشش خاتون “Top 10 Sexy”ـ کے لیے دس بار نام زدگی ووٹنگ کے ذریعے ہوچکی ہے۔ وہ روسی آرٹس اینڈ ٹیلی ویژن کا اعزاز TEFI تین بار جیت چکی ہیں۔ (2009،2006،2003) ٹینا نے 2012ء میں اپنے یونیک تعلیمی پروجیکٹ ’’دی اسمارٹ اسکول‘‘ کے لیے قومی ’رُونِٹ‘ (Runet)ایوارڈ بھی حاصل کرلیا۔ یہ ایوارڈ روسی حکومت کی طرف سے ’’سائنس اور ایجوکیشن‘‘ کی کٹیگری میں غیرمعمولی کارکردگی پر دیا جاتا ہے۔ 3 جون 2011 ء کو ٹینا نے سال کا روسی قومی ریسٹورنٹ ایوارڈ “Best Ethnic Cuisine”  بھی اپنے نام کیا تھا۔ وہ ماسکو میں اپنا ریسٹورنٹ “Tinatin” بھی چلارہی ہیں۔

ٹینا کی پہلی شادی 1998 ء میں ایندری کوندراکن ( Andrey Kondrakhin ) سے ہوئی تھی جو کہ ایک آرٹسٹ اور ’’ایکسون ہیلتھ کلینک‘‘ کے مشترکہ پارٹنر ہیں، لیکن بدقسمتی سے یہ شادی 2010 ء میں ختم ہوگئی تھی۔ ایندری سے ٹینا کی دو اولادیں ہیں، 19 سالہ بیٹی میلانیا Kondrakhin) (Melaniya اور بیٹا 17 سالہ لیونتی کوندراکن(Leontiy Kondrakhin)، جب کہ ٹینا نے دوسری شادی 2015 ء میں 32 سالہ وَیسیلی برُوکو (Vasiliy Brovko) سے کی ہے جو کہ خود بھی میڈیا سے تعلق رکھتے ہیں۔ وہ ماسکو کے تاجر اور بزنس مین ہیں اور سینٹرآف اسٹریجکٹ کمیونی کیشن “Aposle” کے بانی بھی ہیں۔ ٹینا کانڈیلا کی جادوئی اور اثرانگیز شخصیت روس بلکہ دنیا بھر کی خواتین کے لیے قابل قدر مثال اور ایک رول ماڈل ہے، انہوں نے دکھادیا ہے کہ مردوں کے اس معاشرے میں کیسے ان کے شانہ بشانہ پرُوقار انداز میں جیا جاسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔