قومی وطن کا جوابی وار، عمران کے سفارشی خطوط پر بھرتیاں منظر عام پر لانے کا فیصلہ

فدا محمد عدیل  جمعرات 14 نومبر 2013
وزیراعلیٰ کے دباؤ پربھرتی کیے گئے160افراد کی فہرست،فون کالزکی تفصیلات آج پریس کانفرنس میں سامنے لائینگے ، سکندرشیرپاؤ ۔ فوٹو : فائل

وزیراعلیٰ کے دباؤ پربھرتی کیے گئے160افراد کی فہرست،فون کالزکی تفصیلات آج پریس کانفرنس میں سامنے لائینگے ، سکندرشیرپاؤ ۔ فوٹو : فائل

پشاور:  قومی وطن پارٹی نے کرپشن کے الزامات کے تحت پارٹی کے2 وزرا کو معزول کرنے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے سفارشی خطوط اور وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی جانب سے دباؤ ڈال کر غیرقانونی بھرتیاں کروانے کے اقدامات کا پردہ چاک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وطن پارٹی کے دو وزراء کی اچانک برطرفی کی خبریں میڈیا پرچلنے کے بعد اس وقت عجیب صورت حال پیدا ہوگئی جب سکندر شیرپاؤ نے وزیراعلیٰ پرویز خٹک سے رابطہ کیا،وزیراعلیٰ نے فیصلے سے لاعلمی کا اظہار کیا اور معلومات کیلیے سکندر شیرپاؤ سے مہلت مانگی،قومی وطن پارٹی کے ذرائع کے مطابق وزراکی برطرفی کا فیصلہ بنی گالہ میں عمران خان نے کیا اور مزید عمل درآمد کیلیے پرویز خٹک کو احکامات بھجوائے،اس پیش رفت کے دوران قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد شیرپاؤجو بیرون ملک ہیں کو بھی آگاہ کیاگیا، تحریک انصاف کے فیصلے کے فوری بعد قومی وطن پارٹی کے ممبران اسمبلی اور وزرا وطن پال ہاؤس حیات آباد پہنچنا شروع ہوئے جہاں ابتدائی اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ پارٹی کو بدنام کرنے کیلیے جو طریقہ اپنایاگیا اس کا بھرپور جواب دیا جائیگا اور تحریک انصاف کے سربراہ کے ہاتھ کے لکھے ہوئے وہ سفارشی خطوط منظر عام پر لائے جائیں گے ۔

جو انھوں نے قومی وطن پارٹی کی قیادت یا وزراکو اپنے لیٹر پیڈ پر لکھے اور جن میں انھوں نے قومی وطن پارٹی کے وزرا پرغیرقانونی امور کی انجام دہی پر زور ڈالا،اس کے علاوہ میڈیا کو ان ٹیلی فون کالز کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا جائیگا جن کے ذریعے انھوں نے مبینہ طور پرغیرقانونی لکڑی سے بھرے ٹرکوں کو راستہ دینے کی سفارش کی اورکوہستان و چلاس کے جنگلات میں منظور نظر افرادکو غیرقانونی کٹائی کیلیے فری ہینڈ دینے کا مطالبہ کیا،ذرائع کے مطابق آج ہونے والی گرماگرم پریس کانفرنس میں ان 160افرادکی فہرست بھی میڈیا کے سامنے پیش کی جائیگی جو غیرقانونی طور پر وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے دباؤ پر محنت و افرادی قوت کے محکمے میں ایک ہفتہ قبل بھرتی کیے گئے۔

علاوہ ازیں پرویز خٹک کے صاحبزادے کی مبینہ غیرقانونی سرگرمیوں کاپردہ بھی چاک کیاجائیگا،صوبائی حکومت کیخلاف ’’چارج شیٹ‘‘ کی تیاری کاکام بھی رات گئے تک جاری رہا ،مذکورہ صورتحال کے حوالے سے ’’ایکسپریس‘‘ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے سکندر شیرپاؤ نے کہاکہ ہم نے صوبے کے عوام کے مفاد میں تحریک انصاف کا مشکل وقت میں ساتھ دے کراس کو حکومت بنانے کا موقع فراہم کیا، شروع دن سے ہم نے پوری نیک نیتی کے ساتھ تحریک انصاف کاساتھ دیا اور ساتھ چلنے کیلیے جائز و ناجائزدباؤ بھی برداشت کیا مگرجس بھونڈے طریقے سے وطن پارٹی کو بدنام کرنے کی سازش تیارکی گئی اس کا بھرپورجواب دیا جائیگا، سابق سینئروزیرآج دو بجے پریس کانفرنس میں پارٹی کے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔