سی پیک کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوگیا، فردوس عاشق اعوان

ویب ڈیسک  ہفتہ 25 جنوری 2020
چین نے مسئلہ کشمیر پر دوٹوک انداز میں پاکستان کے اصولی موقف کی حمایت کی ہے، فردوس عاشق اعوان فوٹو: فائل

چین نے مسئلہ کشمیر پر دوٹوک انداز میں پاکستان کے اصولی موقف کی حمایت کی ہے، فردوس عاشق اعوان فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوگیا ہے جس کے تحت ملک میں خصوصی صنعتی زون قائم ہوں گے۔

اپنی ٹوئٹ میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ سی پیک دونوں ممالک کی لازوال دوستی کا ایک اور روشن مظہر ہے۔ اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوگیا ہے جس کے تحت خصوصی صنعتی زون قائم ہوں گے۔ یہ زون برآمدی شعبہ کی تقویت، پائیدار معاشی ترقی کے حصول اور مقامی صنعت کے فروغ کا باعث بنیں گے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ چین کے سال نو کےموقع پر چینی عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ہر نئے سال کے ساتھ پاکستان اور چین کے تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں۔ چین کی دوستی پاکستان کا عظیم اثاثہ ہے۔ چین نے آزمائش کی ہر گھڑی میں پاکستان کا ساتھ نبھایا ہے۔ چین نے مسئلہ کشمیر پر دوٹوک انداز میں پاکستان کےاصولی موقف کی حمایت کی ہے۔ چین اور پاکستان کی دوستی دونوں ممالک کے عوام میں محبت اور بھائی چارے کی عظیم مثال ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔