پنجاب میں کوئی فارورڈ بلاک ہے اور نہ پریشر گروپ، وزیراعلیٰ پنجاب

ویب ڈیسک  ہفتہ 25 جنوری 2020
اسلام آباد میں جہانگیر ترین اور سردار عثمان بزدار کی ملاقات، سیاسی امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد میں جہانگیر ترین اور سردار عثمان بزدار کی ملاقات، سیاسی امور پر تبادلہ خیال

 اسلام آباد: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں فارورڈ بلاک اور پریشر گروپ کی تردید کی ہے۔

اسلام آباد میں تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین کی وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات ہوئی جس میں سیاسی امور اور عمومی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پی ٹی آئی کے اعلامیہ کے مطابق عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت کے تمام اسٹیک ہولڈرز (فریقین) میں اتفاق رائے ہے اور اتحادی جماعت کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں، پنجاب میں کوئی فارورڈ بلاک ہے اور نہ پریشر گروپ، افواہیں پھیلانے والے پہلے بھی ناکام رہے اور اب بھی ناکام رہیں گے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف متحد ہے۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان آگے بڑھتا جائے گا، سازشیں کرنے والے پیچھے رہ جائیں گے، تحریک انصاف کی حکومت سب کو ساتھ لے کر چل رہی ہے تاہم اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔