اسلام اور امریکی نیو ورلڈ آرڈر کے درمیان جنگ جاری ہے، منور حسن

نمائندہ ایکسپریس  جمعرات 14 نومبر 2013
حکمرانوں نے دشمن کے ہاتھ مضبوط کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، منصورہ میں خطاب۔ فوٹو: فائل

حکمرانوں نے دشمن کے ہاتھ مضبوط کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، منصورہ میں خطاب۔ فوٹو: فائل

لاہور: جماعت اسلامی  کے  امیر سید منورحسن نے کہا ہے کہ اسلام اور امریکی نیو ورلڈ آرڈرکے درمیان جنگ جاری ہے۔

امریکا ،مغرب اور یورپ اپنے نئے عالمی نظام کی راہ میںا سلام کوسب سے بڑی رکاوٹ سمجھتے ہوئے پوری دنیا میں مسلمانو ں پرحملہ آور ہیں، وہ  منصورہ  میں جاری مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کر رہے تھے، منور حسن نے کہا کہ امریکا اپنے نیوورلڈ آرڈر کے نفاذ کے لیے ہی  خطے میں آیا تھا لیکن افغانستان میں اس کو ذلت آمیز شکست اور حزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

دوسری طرف ہمارے حکمرانوں نے دشمن کے ہاتھ مضبوط کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا، انھوں نے کہا کہ امریکاکوخطے سے نکالنا ہمارا قومی ایجنڈا ہے، حکمران ہرحال میں امریکا کی مددجبکہ عوام نیٹو سپلائی اور ڈرون حملے بند دیکھنا چاہتے ہیں، انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کارکردگی اب تک صفرجمع صفر سے آگے نہیں بڑھ سکی، لوگ غربت مہنگائی، بے روزگاری اورکرپشن کا رونا روتے ہیں توحکومت قومی اداروں کی نجکاری کی باتیں شروع کردیتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔