سعودی حکومت نے ہر عازم حج پر 16 ہزار کی اضافی فیس لاگو کردی

نمائندہ ایکسپریس  ہفتہ 25 جنوری 2020
پاکستانی عازمین حج کو 300 ریال ویزہ فیس جب کہ 110 ریال انشورنس کی مد میں ادا کرنا ہوں گے، ذرائع وزارت مذہبی امور . فوٹو: فائل

پاکستانی عازمین حج کو 300 ریال ویزہ فیس جب کہ 110 ریال انشورنس کی مد میں ادا کرنا ہوں گے، ذرائع وزارت مذہبی امور . فوٹو: فائل

 لاہور: حکومت کی طرف سے اس سال حج پیکج مہنگا کئے جانے کے بعد اب سعودی حکومت نے بھی عازمین حج پر 410 ریال کی اضافی فیس لاگو کردی ہے۔

وزارت حج و مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق سعودی حکومت نے عازمین حج پر 410 ریال کی اضافی فیس لاگو کردی ہے اور یہ اضافی فیس ویزا اورانشورنس کی مد میں بڑھائی گئی ہے، اب پاکستانی عازمین کو حج پر جانے کے لئے مزید 16 ہزارروپے اضافی ادا کرنا ہونگے۔

ذرائع وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ پاکستانی عازمین حج کو 300 ریال ویزہ فیس ادا کرنا ہوگی جب کہ 110 ریال انشورنس کی مد میں ادا کرنا ہوں گے، اضافی فیس اور انشورنش رواں سال حج پیکج میں شامل کردی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت مذہبی امور نے سعودی حکام سے ویزا فیس اور انشورنس ختم کرنے مطالبہ کیا تھا جسے سعودی حکومت نے مسترد کرتے ہوئے اپنے جواب میں کہا کہ فیس کا اطلاق صرف پاکستان کیلئے نہیں تمام اسلامی ممالک پر کیا گیا ہے۔

وزارت مذہبی امور کا مؤقف ہے کہ اس حوالے سعودی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہیں، کوشش کررہے ہیں کہ اخراجات میں کمی لائی جاسکے، سعودی حکومت تمام سہولیات پر 5 فیصد ویلیو ایڈیڈ ٹیکس پہلے سے ہی وصول کررہی ہے۔

واضح رہے کہ اس سال سرکاری اسکیم کے تحت حج کرنے والے عازمین کے لئے پہلے ہی 5 لاکھ روپے تک جاپہنچا ہے جب کہ بعض نجی ٹوورآپریٹرزکی طرف سے حکومت کے مقابلے میں سستے حج پیکج کی آفرکی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔