لبنان میں عرب دنیا کی پہلی خاتون وزیر دفاع مقرر

ویب ڈیسک  ہفتہ 25 جنوری 2020
کابینہ میں 6 خواتین بھی شامل ہیں، فوٹو : ٹویٹر

کابینہ میں 6 خواتین بھی شامل ہیں، فوٹو : ٹویٹر

بیروت: لبنان میں تشکیل پانے والی نئی حکومت میں نومنتخب وزیراعظم حسان دیاب کی 20 رکنی کابینہ کا اعلان کردیا گیا ہے جن میں 6 خواتین بھی شامل ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سیاسی بحران کے شکار لبنان میں طویل مشاورت اور جوڑ توڑ کے بعد نئی حکومت تشکیل دیدی گئی ہے۔ وزیراعظم کے لیے قرعہ فال حسان دیاب کے نام نکلا جب کہ 20 رکنی کابینہ میں 6 خواتین بھی شامل ہیں۔

اس حکومت کی ایک اور خاص بات عرب دنیا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک خاتون وزیر دفاع کا مقرر ہونا ہے، وزیر دفاع زینہ عکر عدرا کو نائب وزیراعظم کا عہدہ بھی دیا گیا ہے۔ وہ لبنان کے معروف تاجر کی اہلیہ ہیں اور وزیر کا شمار لبنان کے صدر میشال عون اور ان کے عزیز جبران باسیل کے قریبی حلقوں میں ہوتا ہے۔

نو تشکیل کردہ کابینہ میں شامل دیگر خاتون وزرا منال عبدالصمد کو وزیر اطلاعات، غادة شریم کو وزیر تارکین وطن، لمیا یمین الدوھی کو وزیر محنت، ماری کلود نجم کو وزیر انصاف اور فرتینیہ اوھانیان کو وزیر کھیل و نوجوانان مقرر کیا گیا ہے۔

نئی حکومت میں شامل تمام ہی وزرا ناتجربہ کار ہیں، جنہیں اس سے قبل سیاسی عہدوں پر کام کرنے کا موقع نہیں ملا لیکن سب کا تعلق ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں سے کسی نہ کسی صورت میں رہا ہے تاہم اہم وزارتیں جیسے داخلہ، تربیت، مواصلات، انتظامی و ماحولیاتی ترقی کی وزارتیں وزیراعظم نے اپنے پاس ہی رکھی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔