بھارت میں طالبات کے برقع پہننے پر پابندی

ویب ڈیسک  ہفتہ 25 جنوری 2020
کالج انتظامیہ نے برقع پہننے والے طالبات پر جرمانہ عائد کرنے کا بھی فیصلہ کیا، فوٹو : فائل

کالج انتظامیہ نے برقع پہننے والے طالبات پر جرمانہ عائد کرنے کا بھی فیصلہ کیا، فوٹو : فائل

پٹنہ: بھارتی ریاست بہار کے ایک سرکاری کالج میں طالبات پر برقع پہننے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جس پر مسلم برادری نے شدید احتجاج بھی کیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست بہار کے شہر پٹنہ میں جے ڈی وومن کالج کی انتظامیہ نے طالبات پر کلاس میں برقع پہن کر آنے پر پابندی عائد کردی، جس پر مسلم برادری اور شہر کے معززین نے شدید احتجاج کیا اور معاملہ سوشل میڈیا تک پہنچا تو کالج انتظامیہ کو اپنا فیصلہ واپس لینا پڑا۔

کالج انتظامیہ نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ برقع پہننے پر پابندی غلط فہمی کا نتیجہ تھی، ہم نے ایک ڈریس کوڈ وضع کیا تھا جس کے تحت تمام طالبات کو کالج کے مقرر کردہ ڈریس کوڈ کے مطابق آنا ہوگا۔ ڈریس کوڈ کا مقصد کسی مخصوص گروہ کو نشانہ بنانا نہیں بلکہ طالبات میں یکسانیت پیدا کرنا تھی۔

دوسری جانب طالبات کے والدین نے کالج نوٹس دکھایا جس میں واضح طور پر برقع پہن کر کالج نہ آنے کی ہدایت کی گئی ہے اور خلاف ورزی پر 250 روپے جرمانہ عائد کرنے کی دھمکی بھی دی گئی تھی تاہم فیصلہ واپس لینے پر والدین نے کالج انتظامیہ کا شکریہ ادا بھی کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔