امریکی بحریہ کا ہیلی کاپٹر سمندر میں گر کر تباہ

ویب ڈیسک  اتوار 26 جنوری 2020
پانچ میں تین اہلکاروں کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے، فوٹو : فائل

پانچ میں تین اہلکاروں کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے، فوٹو : فائل

منیلا: امریکی بحریہ کا ہیلی کاپٹر ایک آپریشن کے دوران فلپائن کے سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک فوجی آپریشن کے دوران امریکی بحریہ کا ہیلی کاپٹر MH-60  فلپائن کے کھلے سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا تاہم خوش قسمتی سے ہیلی کاپٹر میں موجود پانچوں اہلکاروں کو زندہ بچالیا گیا۔

امریکی بحریہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پانچ میں سے تین اہلکاروں کی حالت نازک ہے جنہیں جاپانی ہیلی کاپٹر کی مدد سے اوکینوا میں ملٹری اسپتال منتقل کیا گیا ہے جب کہ دیگر دو اہلکاروں کو امریکی بحری جہاز پر پہنچا دیا گیا ہے۔

بحری ہیلی کاپٹر کی تلاش اور اہلکاروں کو بحفاظت نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن میں دو امریکی وارشپ کے ساتھ جاپان کی میری ٹائم سیلف ڈیفنس اور جاپان کوسٹ گارڈ نے حصہ لیا۔ اہلکاروں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

امریکی ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں حادثے کی وجہ سے آگاہ نہیں کیا گیا ہے جب کہ یہ بھی واضح نہیں کہ حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر کس قسم کی فوجی کارروائی میں مصروف تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔