شہر کے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں دوسرے روز بھی اضافہ

اسٹاف رپورٹر  اتوار 26 جنوری 2020
 پارہ 28ڈگری کو عبور کرگیا،آج کم سے کم پارہ 12سے14ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 24سے26ڈگری رہے گا۔ فوٹو: فائل

 پارہ 28ڈگری کو عبور کرگیا،آج کم سے کم پارہ 12سے14ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 24سے26ڈگری رہے گا۔ فوٹو: فائل

کراچی: شہرکے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں دوسرے روز بھی اضافہ رہا ، پارہ 28ڈگری سینٹی گریڈ کو عبور کرگیا۔

ہفتے کے روز شہر میں صبح کے وقت مطلع جزوی ابرآلود جبکہ دن کے وقت صاف رہا،شہر کا کم سے کم پارہ 11.5ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28.3 ڈگری ریکارڈ کیاگیا،ہفتے کو دوسرے روز بھی شمال مشرقی ہواؤں کیساتھ سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں چلیں جس کے سبب سردی میں کمی رہی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 78اور شام کے وقت 39فیصد ریکارڈ ہوا،سائبرین شمال مشرقی اور سمندری جنوب مغربی ہواؤں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 20کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کی صبح دھند اور کہرانما موسم چھانے کی وجہ سے حدنگاہ 6کلومیٹر سے کم ہوکر ڈھائی کلومیٹر رہ گئی تھی،آج اتوار کو شہرکا کم سے کم پارہ 12سے14ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ 24سے26ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے،آج ہواؤں کی رفتار 30 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بڑھنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے 28جنوری سے شہر میں سردی کی نئی لہر کی پیش گوئی کی گئی جس کے دوران درجہ حرارت ایک بار پھر گرنے کا امکان ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔