’’رئیس‘‘کے 3 سال مکمل ہونے پر ماہرہ اور شاہ رخ خان جذباتی ہوگئے

ویب ڈیسک  اتوار 26 جنوری 2020
تین  سال قبل ماہرہ خان نے شاہ رخ خان کے ساتھ فلم’’رئیس‘‘کے ذریعے بالی ووڈ میں ڈیبیو کیا تھا فوٹوفائل

تین سال قبل ماہرہ خان نے شاہ رخ خان کے ساتھ فلم’’رئیس‘‘کے ذریعے بالی ووڈ میں ڈیبیو کیا تھا فوٹوفائل

کراچی: پاکستانی سپر اسٹار ماہرہ خان اوربالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے فلم’’رئیس‘‘کے 3 سال مکمل ہونے پر فلم سے جڑی یادیں شیئر کی ہیں۔

3 سال قبل ماہرہ خان نے شاہ رخ خان کے ساتھ فلم’’رئیس‘‘کے ذریعے بالی ووڈ میں ڈیبیو کیا تھا۔ ماہرہ خان پہلی پاکستانی اداکارہ تھیں جنہوں نے بالی ووڈ کے بادشاہ کے ساتھ بھارتی فلم انڈسٹری میں قدم رکھا اوراپنی خوبصورتی اور اداکاری سے بارڈر کے دونوں جانب کے لوگوں کو دیوانہ بنادیا۔

بلا شبہ ’’رئیس‘‘ماہرہ خان کے کیریئر کے لیے ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوئی اور اس فلم نے انہیں راتوں رات سپر اسٹار بنادیا۔ گزشتہ روز فلم’’رئیس‘‘کو تین سال مکمل ہوئے ہیں اس موقع پر ماہرہ خان اور شاہ رخ خان دونوں نے سوشل میڈیا پر اس فلم سے جڑی یادوں کو مداحوں کے ساتھ شیئر کیا۔

ماہرہ خان نے فلم کے کا ایک سین انسٹاگرام پر شیئر کیا جس میں وہ اور شاہ رخ خان ساتھ میں نظر آرہے ہیں اس کے علاوہ انہوں نے فلم کی شوٹنگ کے کچھ مناظر بھی شیئر کیے اور شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کنگ خان کو نمبر ون قرار دیا۔

ماہرہ خان کے علاوہ شاہ رخ خان نے بھی سوشل میڈیا پر فلم کے تین سال مکمل ہونے پر ایک مزاحیہ ویڈیو شیئر کی جس میں وہ فلم کا مشہور ڈائیلاگ ’’کوئی دھندہ چھوٹا یا بڑا نہیں ہوتا اور دھندے سے بڑا کوئی دھرم نہیں ہوتا‘‘ بولتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

ویڈیو کے ساتھ شاہ رخ خان نے نہایت جذباتی لہجے میں لکھا یہ ان میں سے ایک فلم تھی جسے بناتے ہوئے مجھے بے حد مزہ آیا۔ اس کے ساتھ شاہ رخ خان نے فلم کی پوری ٹیم اور پروڈیوسرز کا بھی شکریہ ادا کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔