بیماری کی آڑمیں لندن میں بیٹھ کرحکومت گرانے کی سازش ہورہی ہے، فردوس عاشق اعوان 

ویب ڈیسک  اتوار 26 جنوری 2020
پارٹی آئین کی خلاف ورزی پر 3 وزرا کیخلاف کاروائی کی گئی، معاون خصوصی اطلاعات

پارٹی آئین کی خلاف ورزی پر 3 وزرا کیخلاف کاروائی کی گئی، معاون خصوصی اطلاعات

سیالکوٹ: فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ترچھی ٹوپی والی سرکار لندن میں بیٹھ کر حکومت گرانے کی سازشوں میں مصروف ہے۔ 

سیالکوٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پارٹی آئین کی خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف کاروائی کی جائے گی، خیبرپختونخوا میں تین وزرا کی جانب سے خلاف ورزی کرنے پر کارروائی کی گئی ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ کرپشن کاخاتمہ اس ملک کا نصب العین ہے، 16 ماہ کی حکومت نے کرپشن کے خلاف سخت ترین فیصلے کئے ہیں، ملک میں کرپشن فری کے خلاف جہاد کو منتقی انجام تک پہنچائیں گے، مافیا نے ملک کے گلے سڑے نظام سے فائدہ اٹھایا ہے، کرپشن میں شراکت داری کرنے والوں کے خلاف کڑا احتساب کریں گے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ترچھی ٹوپی والی سرکار لندن میں بیٹھ کر حکومت گرانے کی سازشوں میں مصروف ہے، بیماری کی آڑ میں لندن میں بیٹھا ٹولہ سازشوں میں مصروف ہیں لیکن ان کو منہ کی کھانا پڑی ہے، حکومت اور اتحادی جماعتیں ملک کو کامیاب بنانےکے لئے پرعزم ہیں، پاکستان میں سیاسی اور معاشی استحکام کے لئے منتخب حکومت کا ساتھ دینے کے لئے سیاسی جماعتیں اپنا کردار ادا کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔