یوم جمہوریہ پر کانگریس رہنماؤں کی ایکدوسرے پر تھپڑوں کی بارش، ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک  اتوار 26 جنوری 2020
دونوں رہنما ایکدوسرے سے گتھم گتھا ہوئے اور مغلظات بھی بکیں، فوٹو : ویڈیو گریب

دونوں رہنما ایکدوسرے سے گتھم گتھا ہوئے اور مغلظات بھی بکیں، فوٹو : ویڈیو گریب

اندور: بھارت میں یوم جمہوریہ کی ایک تقریب میں جھنڈا لہرانے پر ریاست کی حکمراں جماعت کے رہنما آپس میں ہی جھگڑ پڑے اور ایک دوسرے پر تھپڑوں کی بارش کردی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں یوم جمہوریہ کی مناسبت سے ایک تقریب منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ کمل ناتھ تھے تاہم تقریب  ریاست کی حکمراں جماعت کانگریس کے مقامی رہنماؤں کے آپسی جھگڑے اور ہلڑ بازی کی نذر ہوگئی۔

جھنڈا لہرانے کے وقت کانگریس رہنما دیوندر سنگھ یادیو اور چندو کونجیر کے درمیان کسی بات پر تلخ کلامی ہوگئی جس کے بعد دونوں رہنماؤں نے تقریب کی اہمیت اور کیمروں کی موجودگی کو نظر انداز کرتے ہوئے ایک دوسرے کو تھپڑ مارے اور مغلظات بکیں۔

یہ خبر پڑھیں : بھارتی یوم جمہوریہ پر مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی میں تیزی، 3 نوجوان شہید

تقریب میں موجود سیکیورٹی اہلکاروں نے گتھم گتھا رہنماؤں کو بہ مشکل ایک دوسرے سے علیحدہ کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان جھگڑے کی وجوہات سامنے نہیں آسکی ہیں۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ کمل ناتھ نے بھارتی جھنڈا لہرا کر تقریب کا آغاز کیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں : دنیا بھر میں کشمیری آج بھارت کا یوم جمہوریہ یوم سیاہ کےطور پر منا رہے ہیں

واضح رہے کہ بھارت میں آج نام نہاد یوم جمہوریہ منایا جا رہا ہے تاہم کشمیریوں اور دیگر علیحدگی پسند جماعتوں نے اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر منایا۔ آسام میں چار گرنیڈ حملے ہوئے جب کہ اوڈیشہ میں بھی ماؤ نواز باغیوں اور سرکاری اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔