مالی میں فوجی اڈے پر مسلح افراد کا حملہ، 19 اہلکار ہلاک

ویب ڈیسک  اتوار 26 جنوری 2020
گاڑی اور موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد نے فوجی اڈے پر دھاوا بول دیا، فوٹو : فائل

گاڑی اور موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد نے فوجی اڈے پر دھاوا بول دیا، فوٹو : فائل

بماکو: افریقی ملک مالی میں شدت پسند گروہ کے مسلح افراد نے ایک فوجی اڈے پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 19 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افریقی ملک مالی کے وسطی علاقے میں قائم سوکولو آرمی بیس پر درجنوں مسلح افراد نے دھاوا بول دیا، حملہ اتنا اچانک تھا کہ فوجی اہلکاروں کو سنبھلنے کا موقع نہیں مل سکا۔ دو طرفہ فائرنگ کے دوران کم سے کم 19 فوجی اہلکاروں کی ہلاکتیں ہوئیں جب کہ مسلح گروہ کے چند کارندے بھی زخمی ہوئے۔

حملہ آور ایک گاڑی اور 4 موٹرسائیکلوں پر سوار ہو کر آئے تھے اور کارروائی کے بعد مالی فوج کا اسلحہ اور جنگی ساز و سامان بھی اپنے ہمراہ لے گئے۔ تاحال کسی شدید تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم اس علاقے میں ایک سے زائد شدت پسند جنگجو حکومت کے خلاف برسرپیکار ہیں۔

مالی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حملے میں درجن سے زائد اہلکار ہلاک ہوئے ہیں جب کہ حملہ آوروں کا بھی نقصان ہوا ہے۔ اس فوجی بیس میں وہ اہلکار تعینات تھے جو ملحقہ بستیوں میں سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔