سیاسی طوفان برپا کرنے کے خواہشمندوں کے ارمانوں پر اوس پڑگئی، فردوس عاشق

ویب ڈیسک  پير 27 جنوری 2020
وزیراعظم عمران خان نوجوانوں کی امید ہیں، فردوس عاشق اعوان فوٹو: فائل

وزیراعظم عمران خان نوجوانوں کی امید ہیں، فردوس عاشق اعوان فوٹو: فائل

 اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ سیاسی طوفان برپا کرنے کی خواہش رکھنے والوں کے ارمانوں پر اوس پڑ چکی ہے۔

اپنی ٹوئٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ انہیں با اختیار بنانا وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے ۔ نوجوانوں کیلئے زندگی میں آگے بڑھنے کے مواقع پیدا کرنے، ترقی کے عمل میں حصہ دار بنانے اور معاشی پہیے کو تیز کرنے کے لئے یہ اقدامات نا گزیر ہیں۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نوجوانوں کی امید ہیں۔ آسان قرضوں کی فراہمی اور مالی معاونت انہیں کاروبار کرنے اور با اختیار بنانے کی جانب اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں عوام کی خوشحالی وترقی کے ایجنڈے کو پوری قوت سے آگے بڑھائیں گے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سیاسی طوفان برپا کرنے کی خواہش رکھنے والوں کے ارمانوں پر اوس پڑ چکی ہے۔ جمہوری اختلاف کو سازش کا رنگ دینے والے سیاسی مخالفین کو اطلاع ہو کہ حکومت اپنے اتحادیوں کی حمایت کے ساتھ نہ صرف مستحکم ہے بلکہ جمہوری اختلاف کو جمہوری انداز میں سلجھا لیا گیا ہے۔وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں عوام کی خوشحالی وترقی کے ایجنڈے کو پوری قوت سے آگے بڑھائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔