آزاد کشمیر یونیورسٹی میں طالبات کے لپ اسٹک لگانے پر پابندی منسوخ

ویب ڈیسک  پير 27 جنوری 2020
آزاد کشمیر یونیورسٹی کے شعبہ تعلیم نے طالبات کے لپ اسٹک لگانے پر پابندی عائد کی تھی

آزاد کشمیر یونیورسٹی کے شعبہ تعلیم نے طالبات کے لپ اسٹک لگانے پر پابندی عائد کی تھی

 مظفر آباد: آزاد کشمیر یونیورسٹی نے طالبات کے لپ اسٹک لگانے پر پابندی کو منسوخ کردیا۔

آزاد کشمیر یونیورسٹی کے شعبہ تعلیم نے طالبات کے لپ اسٹک لگانے پر پابندی عائد کی تھی۔ طلبات کے لپ اسٹک استعمال کرنے پر پابندی کا حکم نامہ شعبہ تعلیم کی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ملیحہ نے جاری کیا تھا جس کے مطابق لپ اسٹک لگانے پر طلبات کو 100 روپے جرمانہ ہوگا۔

سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے اس فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ درس گاہوں میں طالبات بہت زیادہ بن ٹھن کر آتی ہیں اور طلبہ و طالبات کو تعلیم پر توجہ دینی چاہیے۔ تاہم زیادہ تر صارفین نے اس فیصلے کو کافی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ذاتی زندگی میں مداخلت قرار دیا۔

وائس چانسلرآزادکشمیر یونیورسٹی نے سرکلر کا نوٹس لیتے ہوئے اسے منسوخ کردیا ہے۔ ترجمان جامعہ کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر زیر گردش مراسلےکی قانونی حیثیت نہیں اور ذمہ داران سے اس معاملے کی بازپرس ہوگی، جامعہ کشمیر میں طلبا و طالبات کی آگاہی کے لیےبنیادی ہدایات جاری کی جاتی ہیں تاہم ان کا مقصد کسی کی شخصی آزادی کو سلب کرنا نہیں۔

ترجمان جامعہ کے مطابق طلباوطالبات ،فیکلٹی اورانتظامیہ کی انفرادی ،اجتماعی ذمے داری ہے کہ ذاتی حیثیت میں ایسے اقدام نہ اٹھائیں جس کا آپ کے پاس قانونی اختیار نہیں، کیونکہ اس سے قومی و بین الااقوامی سطح پر جامعہ کی ساکھ متاثر ہوتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔