حلیم کی تیاری کی وجہ سے شہر میں دیگوں کی قلت پیدا ہو گئی

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 15 نومبر 2013
9 محرم الحرام کے موقع پر نوجوان  نیاز حلیم تیار کررہے ہیں،جمعرات کی شب شہر میں نوجوانوں کی بڑی تعداد نیاز کی تیاریوں میں مصروف رہی ۔ فوٹو : ایکسپریس

9 محرم الحرام کے موقع پر نوجوان نیاز حلیم تیار کررہے ہیں،جمعرات کی شب شہر میں نوجوانوں کی بڑی تعداد نیاز کی تیاریوں میں مصروف رہی ۔ فوٹو : ایکسپریس

کراچی: کراچی میں9محرم الحرام کے موقع پر بڑے پیمانے پر نیاز تقسیم کی گئی، شہر کے مختلف علاقوں میں قائم ہونے والی سبیلوں میں نیازحسین کے حوالے سے شربت اور بریانی تقسیم کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق شہر میں جمعرات 9محرم کو لوگوں کی بڑی تعداد نے انفرادی اور اجتماعی طور پر نیاز کا اہتمام کیا، شہر کے علاقوں کیماڑی ، کھارادار ، اولڈ سٹی ایریا ، رنچھورلائن ، صدر ، پی آئی بی کالونی ، لیاقت آباد ، نیوکراچی ، لانڈھی ، کورنگی سمیت دیگر علاقوں میں لوگوں کی بڑی تعداد نے نیازحسین کے سلسلے میں بریانی اور دیگر کھانے پینے کی اشیا تقسیم کی گئیں،گلی اور محلوں کے ساتھ ساتھ مختلف مقامات پر لگائی گئی سبیلوں میں ٹھنڈا پانی اور مختلف اقسام کا شربت بھی تقسیم کیا گیا جبکہ نیاز کا سلسلہ یوم عاشور پر بھی جاری رہے گا۔

9 محرم کی شب مختلف علاقوں میں حلیم کی نیاز بنانے کا سلسلہ بھی جاری رہا اور حلیم کی تیاری کے دوران مختلف علاقوں میں رونق رہی،گلی اور محلوں میں نوجوانوں کی بڑی تعداد حلیم بناتے ہوئے نظر آئی، حلیم کی بڑی تعداد میں تیاری کی وجہ سے شہر میں دیگوں کی قلت پیدا ہوگئی اور دیگ کا کرایہ 1500سے 1700تک ڈیکوریشن ما لکان نے شہریوں سے وصول کیا۔

علاوہ ازیں حلیم کی تیاری میں استعمال ہونے والی دیگوں کی قیمتوں میں اضافے کے باعث اس کے چوری ہونے کے واقعات بڑھ گئے ہیں اور ڈیکوریشن مالکان نے دیگ حاصل کرنے والے شخص کے لیے اصل شناختی کارڈ اور شخصی ضمانت کو لازمی قرار دے دیا ہے، ڈیکوریشن مالکان کاکہنا ہے کہ اب دیگ صرف ان کو کرائے پر دی جاتی ہے۔

جس کو وہ ذاتی طور پر جانتے ہوں تاہم اس کے باوجود دیگ حاصل کرنے والے شخص کا اصل شناختی کارڈ لازمی جمع کیا جاتا ہے اور ایک شخص کی ضمانت بھی حاصل کی جاتی ہے، دریں ثنا حلیم کی تیاری میں بڑے پیمانے پر لکڑی کے استعمال کے باعث اس کی قیمت میں بھی 100 روپے فی من اضافہ کردیا گیا، لکڑی فروخت کرنے والے ٹال کے مالک کے مطابق محرم میں حلیم کی تیاری کے آرڈرز میں اضافے کے باعث لکڑی کی مانگ میں اضافہ ہو جاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔