لاہور؛ فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی سے خواتین اور بچوں سمیت 12 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک  منگل 28 جنوری 2020
آگ کی شدت سے فیکٹری کی ایک عمارت زمیں بوس جبکہ ملحقہ مکان کی چھت اور دیواریں گرگئیں،فوڑو:سوشل میڈیا

آگ کی شدت سے فیکٹری کی ایک عمارت زمیں بوس جبکہ ملحقہ مکان کی چھت اور دیواریں گرگئیں،فوڑو:سوشل میڈیا

 لاہور: فیروزوالا کے علاقے میں فیکٹری میں آگ لگنے سے 12 افراد جھلس کر جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

لاہور کے علاقے فیروزوالا میں امامیہ کالونی کے قریب نجی ڈائننگ فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری فیکٹری کواپنی لپیٹ میں لےلیا۔ آگ لگنے سے خواتین اور بچوں سمیت 12 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ کئی زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

جاں بحق ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد شامل ہیں جن میں 2 بچے، 2 خواتین اور ایک مرد ہیں۔

آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ فیکٹری کے اندر ایک عمارت زمیں بوس ہو گئی جبکہ ایک ملحقہ مکان کی چھت اور دیواریں گرگئیں اور دیگر گھروں میں بھی دراڑیں پڑگئیں۔ حفاظتی اقدامات کے پیش نظر تمام ملحقہ گھروں کو مکینوں سے خالی کرالیا گیا۔

فیکٹری کی بالائی منزل پر مزدوروں کی رہائش بھی تھی۔ آگ کی شدت زیادہ ہونے کی وجہ سے امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور کئی گھنٹے کی محنت کے بعد آگ پر قابو پاگیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق فیکٹری میں سلنڈردھماکے سے آگ لگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔