امام حسین نے دین اسلام کو زندہ وجاوید کیا،سنی تحریک

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 15 نومبر 2013
معاشی آزادی ،سکھ وچین اور انصاف کی فراہمی کیلیے ہم سب کو آواز حق بلند کرکے میدان عمل میں آکر جدوجہد کرنا ہوگی. فوٹو: فائل

معاشی آزادی ،سکھ وچین اور انصاف کی فراہمی کیلیے ہم سب کو آواز حق بلند کرکے میدان عمل میں آکر جدوجہد کرنا ہوگی. فوٹو: فائل

کراچی: سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجازقادری نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا دین کی بقا اسلامی اقدار کے تحفظ اور باطل کے سامنے ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔

واقعہ کربلا حق و باطل کے فرق کو واضح کرتا ہے، حضرت امام حسین ر ضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اسلام کی سربلندی ،سلامتی،عوام کی معاشی آزادی و انصاف دلانے اور اسلام کی حقیقی روح کو تا قیامت تک آنے والے، مسلمانوں تک پہنچانے کیلیے یزید کی بیت نہیںکی، سیدنا امام حسین نے کربلا کے میدان میں جانوںکی قربانی دیکر دین اسلام کو زندہ وجاوید کیا ، آپ نے کربلا کے میدان میں فاسق وفاجر ، ظالم و جابرکے سامنے کلمہ حق بلند کیا اور رہتی دنیا تک مثا ل قائم کردی کہ ظالم وجابر ،عوام کے حقوق غضب کرکے آزادی چھیننے اور طاقت کے زور پر اپنی سوچ مسلط کرنیوالے یزید کے خلاف ڈٹ جانا ہی حسینیت ہے، چاہے اس راہ میں کتنی ہی مشکلات کا سامنا ہو گھر بار اولاد سمیت اپنی جان کی قربانی دینا ہی اہل حق کا شیوہ ہے،ان خیالات کا اظہار انھوں نے مرکز اہلسنّت پر قرآن خوانی کے بعد ا پنے خطاب میں کیا ۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ہمارے ملک میں انتہا پسندی ، دہشت گردی ، مہنگائی و بے روزگاری ،بھوک وافلاس اور مصنوعی بحران عروج پر ہے اور حکمران عوام کو حقوق دینے اور ان کے مسائل کو حل کر نے کے بجائے امریکا کی بیعت کرکے یزیدی عمل کو دہرارہے ،انھوں نے کہا کہ انقلاب حسینیت کے جذبے سے ہی آتا ہے معاشی آزادی ،سکھ وچین اور انصاف کی فراہمی کیلیے ہم سب کو آواز حق بلند کرکے میدان عمل میں آکر جدوجہد کرنا ہوگی، یہ یاد رکھا جائے جو اقوام ظلم وجبر ،انتہا پسندی و دہشتگردی کے خلاف اور حقوق کے حصول کیلیے آواز بلند نہیں کرتیں تو ان کا بھی شمار یزیدی لشکر میں ہی ہوتا ہے ،انھوںنے کہا کہ اسلام کی سربلندی اور ملک بچانے کیلیے ہم میدان عمل میں آکر جدوجہد کریں گے اور اس کے لیے حسینی جذبے سے سرشار ہوکر کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرینگے

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔