سپریم کورٹ کا دو ہفتے میں کراچی سرکلر ریلوے چلانے کا حکم

ویب ڈیسک  منگل 28 جنوری 2020
سرکلر ریلوے ٹریک پر تجاوزات بنانے والوں کی بحالی کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں، سپریم کورٹ

سرکلر ریلوے ٹریک پر تجاوزات بنانے والوں کی بحالی کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں، سپریم کورٹ

 اسلام آباد: سپریم کورٹ نے وزیر ریلوے شیخ رشید کو دو ہفتوں میں کراچی سرکلر ریلوے چلانے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے ریلوے خسارہ کیس کی سماعت کی۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید عدالت میں پیش ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: ریلوے جلنے کے بعد شیخ رشید کو مستعفی ہوجانا چاہیے تھا، چیف جسٹس

عدالت عظمیٰ میں دوران سماعت کراچی سرکلر ریلوے کا بھی تذکرہ ہوا۔ چیف جسٹس نے شیخ رشید سے کہا کہ ریلوے جا کدھر رہی ہے، کراچی میں کالا پل دیکھیں ،کیماڑی کے علاقے میں جائیں دیکھیں کیا حال ہے، کراچی سرکلر ریلوے کی 38 کنال زمین عدالتی حکم پرخالی ہوئی، ریلوے افسران جس کو چاہتے ہیں زمین دیتے ہیں، لوگ آپ کی باتیں سنتے ہیں لیکن آپ کا ادارہ سب سے نااہل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی سرکلر ریلوے: دیوانے کا خواب؟

سپریم کورٹ نے ریلوے کو دو ہفتوں میں سرکلر ریلوے چلانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 12 فروری تک ملتوی کردی۔

عدالت نے ہدایت کی کہ سرکلر ریلوے ٹریک پر تجاوزات بنانے والوں کی بحالی کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں جبکہ آئندہ سماعت پر وزیر منصوبہ بندی اور سیکرٹری بھی پیش ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔