یقین تھا کہ ایک دن میں بہت بڑا اسٹار بنوں گا، علی ظفر

ویب ڈیسک  منگل 28 جنوری 2020
 میرا خواب تھا کہ میں ہزاروں لوگوں کے سامنے اسٹیج پر گانا گاؤں اور تمام لوگ میرے ساتھ میرا گانا گائیں۔ فوٹوفائل

میرا خواب تھا کہ میں ہزاروں لوگوں کے سامنے اسٹیج پر گانا گاؤں اور تمام لوگ میرے ساتھ میرا گانا گائیں۔ فوٹوفائل

کراچی: گلوکار واداکار علی ظفر نے کہا ہے کہ انہیں یقین تھا ایک دن وہ بڑےاسٹار بنیں گے۔

علی ظفر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ ایک تقریب کے دوران اپنی کامیابی کا سفر بتاتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ علی ظفر نے ہال میں بیٹھے شرکا سے اپنے کیر یئراور ابتدائی زندگی کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ان کےوالد انہیں سی ایس پی آفیسر بنانا چاہتے تھے لیکن وہ گلوکار بننا چاہتے تھے۔

لہذٰا انہوں نے اپنے والد کو کہا بابا میں گلوکار بننا چاہتاہوں جس پر  میرے والد نے کہا دیکھو تم سی ایس پی آفیسر بنوگے تو تمہارے آگے پیچھے گاڑیاں ہوں گی لوگ تمہیں سلام کریں گے جس پر میں نے کہا میں چاہتاہوں لوگ مجھے میری پوسٹ سے نہیں بلکہ میرے کام کی وجہ سے سلیوٹ کریں۔

علی ظفر نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ صرف 16 سال کی عمر میں مجھ میں یہ احساس کیسے پیدا ہوا تاہم مجھے یقین تھا کہ ایک دن میں بہت بڑا اسٹار بنوں گا۔ 16 سال کی عمر میں میں صرف گانا گانا چاہتا تھا اور صرف اسٹار بننا چاہتا تھا اور میرا خواب تھا کہ میں ہزاروں لوگوں کے سامنے اسٹیج پر گانا گاؤں اور تمام لوگ میرے ساتھ میرا گانا گائیں۔

علی ظفر نے کہا یہ تمام باتیں بتانے کا مقصد یہ ہے آپ میں سے ہر انسان بہت خاص ہے۔ صرف آپ کو  اپنے اندر جھانکنا ہے اور خود کو پہچاننا ہے کہ آپ کے اندر کیا صلاحیت چھپی ہوئی ہے اور اس صلاحیت کو ڈھونڈ کر اپنی زندگی کے سفر کا آغاز کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔