شیخ خالد بن خلیفہ قطر کے نئے وزیراعظم مقرر

ویب ڈیسک  منگل 28 جنوری 2020
نئے وزیراعظم اس سے قبل شاہی دیوان کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، فوٹو : فائل

نئے وزیراعظم اس سے قبل شاہی دیوان کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، فوٹو : فائل

دوحہ: امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد نے اپنے معتمد خاص ’شیخ خالد بن خلیفہ آل ثانی‘ کو ملک کا نیا وزیراعظم مقرر کر دیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے اپنے دفتر کے ڈائریکٹر شیخ خالد بن خلیفہ بن عبدالعزیز آل ثانی کو وزیراعظم کے عہدے پر فائز کر دیا ہے۔ اس سے قبل شیخ عبدالله بن ناصر بن خليفہ آل ثانی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد ملک کے نئے وزیراعظم کا اعلان کیا گیا ہے۔

امریکا سے ایم بی اے کی تعلیم حاصل کرنے والے نئے وزیراعظم خالد بن خليفہ بن عبد العزيز آل ثانی نے 11 نومبر 2014 کو شاہی دیوان کی سربراہی کا منصب سنبھالا تھا۔ شاہی دیوان سے منسلک ہونے سے قبل انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز قطر ایل پی جی کمپنی میں ملازمت کرکے کیا تھا۔

شیخ خالد بن خلیفہ 2002 سے 2006 تک شیخ تمیم کے پرسنل سیکرٹری رہے اور ترقی کرتے کرتے سربراہ دفتر وزیراعظم مقرر ہوئے۔ ان کا امیر قطر کے بااعتماد ساتھیوں میں شمار ہوتا ہے۔ نئے وزیراعظم نے اپنے عہدے کا حلف اُٹھا لیا ہے۔

سابق وزیراعظم عبداللہ بن ناصر آل ثانی نے اپنی ٹویٹ میں امیر قطر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ہر وقت امیر قطر کی رہنمائی، شفقت اور تعاون حاصل رہا جس سے کام کرنے میں آسانی ہوئی۔ میں ہر اس شخص کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے میرے ساتھ کام کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔