امریکی ساحل پر آتشزدگی سے درجنوں کشتیاں خاکستر، 8 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  منگل 28 جنوری 2020
آتشزدگی کے وقت کئی کشتیاں لنگر انداز تھیں اور ملاح راہداری میں سوئے ہوئے تھے، فوٹو : فیس بک

آتشزدگی کے وقت کئی کشتیاں لنگر انداز تھیں اور ملاح راہداری میں سوئے ہوئے تھے، فوٹو : فیس بک

 واشنگٹن: امریکی ریاست الباما کی لنگر گاہ میں آگ بھڑک اُٹھی جس کے نتیجے میں درجنوں کشتیاں جل گئیں جب کہ 8 افراد ہلاک ہوگئے اور 7 افراد نے سمندر میں کود کر اپنی جانیں بچائیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست الباما کے ساحل پر واقع لنگر گاہ میں آگ بھڑک اُٹھی، یہاں کشتیوں کا آنا جانا لگا رہتا تھا اور آتشزدگی کے وقت بھی کئی ملاح اور مزدور  لکڑی کے بنے راہداری میں سو رہے تھے اور درجنوں کشتیاں لنگر انداز تھیں۔

آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ سوئے ہوئے لوگوں کو بھاگنے کا موقع نہیں مل سکا اور 8 افراد آگ میں بری طرح جھلس کر جان کی بازی ہار گئے جب کہ متعدد زخمی ہیں۔ آتشزدگی میں درجنوں چھوٹی کشتیاں جل کر راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئیں۔

آگ سے بچنے کے لیے 7 افراد نے سمندر میں چھلانگ لگادی جنہیں ریسکیو ٹیم کے غوطہ خوروں نے بحفاظت نکال کر قریبی اسپتال منتقل کردیا ہے۔ آگ لگنے کی وجہ کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔ واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔