حارث رﺅف بگ بیش لیگ میں شرکت کے لیے دوبارہ آسٹریلیا روانہ

عباس رضا  منگل 28 جنوری 2020
حارث رؤف کو بگ بیش لیگ میں میلبورن اسٹارز کے لیے کھیلتے ہیں فوٹو: فائل

حارث رؤف کو بگ بیش لیگ میں میلبورن اسٹارز کے لیے کھیلتے ہیں فوٹو: فائل

 لاہور: فاسٹ بولر حارث رﺅف بگ بیش لیگ میں شرکت کے لیے دوبارہ آسٹریلیا روانہ ہوگئے ہیں۔

فاسٹ بولر حارث رؤف کو بگ بیش لیگ میں میلبورن اسٹارز کی جانب سے عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر بنگلا دیش کیخلاف ٹی 20 سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا، انہوں نے پہلے میچ میں 32 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی جب کہ دوسرے میچ میں 27 رنز کے بدلے میں ایک شکار کیا۔

میلبورن اسٹارز نے حارث رﺅف کا خلا لاہور قلندرز کی ایک اور دریافت دلبر حسین سے پر کیا تھا لیکن وہ ڈیبیو میچ میں مہنگے ثابت ہوئے، حارث رﺅف کے جوائن کرنے کے باوجود دلبر حسین اسکواڈ کے ساتھ ہی موجود رہیں گے۔

یاد رہے کہ میلبورن اسٹارز کو بگ بیش کوالیفائر میں جمعے کو سڈنی سکسرز کا سامنا کرنا ہے، فتح کی صورت میں ٹیم 8 فروری کو ہونے والے فائنل تک رسائی حاصل کرلے گی، ڈیل اسٹین کی انجریز سبب اسکواڈ میں شامل کئے جانے والے حارث رﺅف نے بلے بازوں پر دھاک بٹھاتے ہوئے میلبورن اسٹارز کی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔