کفیل کو زندہ جلا کر رقم چرانے والی چالاک بھارتی ملازمہ گرفتار

ویب ڈیسک  منگل 28 جنوری 2020
ملازمہ مہنگی اشیا کی خریداری کرنے پر شک کے دائرے میں آئی، فوٹو : فائل

ملازمہ مہنگی اشیا کی خریداری کرنے پر شک کے دائرے میں آئی، فوٹو : فائل

ریاض: سعودی عرب میں ایک ماہ  قبل 70 سالہ کفیل کو زندہ جلا کر ایک لاکھ 20 ہزار درہم چرانے والی بھارتی ملازمہ بالآخر گرفتار ہوگئی۔

سعودی میڈیا کے مطابق دارالحکومت ریاض کے شہر المجعۃ میں بیمار بزرگ نے اپنی دیکھ بھال کے لیے بھارتی خاتون کو اپنے گھر ملازمت پر رکھا۔  70 سالہ بزرگ اور ان کے اہل خانہ بھارتی ملازمہ کی خدمت سے بہت خوش بھی تھے۔

ایک دن اچانک کفیل کے گھر آگ لگ گئی اور وہ جھلس کر انتقال کرگئے، اہل خانہ ملازمہ سے بے حد خوش تھے اس لیے کسی نے بھی اُس پر شک نہیں کیا۔ پولیس نے بھی آتشزدگی کو حادثہ قرار دیکر فائل بند کردی لیکن ایک ماہ بعد اچانک اس معاملے میں اہم پیشرفت ہوئی۔

بزرگ کفیل کے اہل خانہ نے محسوس کیا کہ کم اجرت پانے والے ملازمہ مہنگی اشیاء کی خریداری کر رہی ہے اور ایک بڑے بریف کیس میں مہنگے سامان رکھ کر اپنے ہم وطن کے ذریعے بھارت میں واقع اپنے گھر بھیج رہی تھی۔

کفیل کے اہل خانہ نے اپنے شک سے پولیس کو آگاہ کیا جس نے ملازمہ کو حراست میں لیکر پوچھ گچھ کی تو اس نے نہ صرف بزرگ کے کمرے سے ایک 20 ہزار درہم چُرانے کا اعتراف کیا بلکہ گھر میں آگ لگانے کا انکشاف بھی کیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔