وزیراعظم کی سی پیک منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت

ویب ڈیسک  منگل 28 جنوری 2020

 اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے سی پیک منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ  خاتمے اور زراعت کے فروغ میں چین کے تجربے سے استفادہ کیا جائے۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت مختلف منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے اعلی سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر، وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، وزیر بحری امور علی زیدی، چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ، چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر اور سینئر افسران شریک تھے۔

وزیراعظم کو پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت مرحلہ وار قلیل مدتی، وسط مدتی اور طویل مدتی منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کے شرکا اور سی پیک کے پہلے مرحلے میں توانائی، روڈ نیٹ ورک، ریل نیٹ ورک، گوادر پورٹ اور دوسرے مرحلے میں صنعتی تعاون، زراعت کے فروغ، سماجی و اقتصادی ترقی، سیاحت اور دیگر منصوبوں کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔

سی پیک میں توانائی اور سڑکوں کے بیشتر منصوبے مکمل

اجلاس کو بتایا گیا کہ سی پیک کے پہلے مرحلے میں توانائی اور سڑکوں کے بیشتر منصوبے مکمل ہو چکے ہیں، گوادر بندرگاہ اور ایئر پورٹ پر کام مرحلہ وار طریقے سے جاری ہے، اورنج لائن منصوبہ مکمل ہوچکا ہے جبکہ کوئٹہ ریلوے کی فزیبلٹی کے حوالے سے مشاورت جاری ہے۔

دھابیجی اکنامک زون کی بڈنگ کا عمل جلد مکمل ہوگا

اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ وزیراعظم نے علامہ اقبال اسپیشل اکنامک زون کا حال ہی میں سنگ بنیاد رکھ دیا ہے، رشکئی اسپیشل اکنامک زون کا سنگ بنیاد فروری میں متوقع ہے جبکہ دھابیجی اکنامک زون کی بڈنگ کا عمل جلد مکمل کرلیا جائے گا۔

اجلاس میں سی پیک فیز ٹو کے حوالے سے سماجی و معاشی ترقی کے ضمن میں تعلیم، صحت، کم آمدنی والے افراد کے لیے ہاوٴسنگ، غربت کے خاتمے، احساس پاور ٹی گریجویشن پروگرام اور غذائی کمی و اسٹنٹنگ کے خاتمے کے ضمن میں مجوزہ منصوبوں کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

چین نے مشکل حالات میں پاکستان کی مدد کی، عمران خان

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی جلد تکمیل اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے مشاورتی عمل کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے، چین نے مشکل حالات میں پاکستان کی مدد کی ہے، سی پیک منصوبہ ہمہ جہتی پاک چین تعلقات کا مظہر ہے، مختلف شعبوں خصوصاً غربت کے خاتمے اور زراعت جیسے شعبوں کے فروغ کے ضمن میں چین کے تجربے سے مکمل طور پر استفادے کی ضرورت ہے۔

سی پیک کے دیگر منصوبوں کی رفتار بڑھائی جائے، وزیر اعظم

وزیراعظم نے سی پیک اتھارٹی کو سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت مختلف منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر عمل درآمد کی رفتار تیز کرنے کی ہدایات دیں اور سماجی و معاشی ترقی کے حوالے سے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے پر زور دیا۔

آئندہ اجلاس میں سی پیک فیز ٹو کی بریفنگ دینے کی ہدایت

عمران خان نے تمام متعلقہ وزارتوں کو منصوبوں کی تکمیلی مدت کے اہداف متعین کرنے، بین الوزارتی کوآرڈی نیشن کو مزید موثر بنانے کے حوالے سے ہدایات جاری کیں اور کہا کہ سی پیک فیز ٹو پر عمل درآمد کے حوالے سے آئندہ جائزہ اجلاس میں بریفنگ دی جائے، متعین کردہ اہداف، منصوبوں پر عمل درآمد میں پیش آنے والی رکاوٹوں کو دور کرنے اور مستقبل کے لائحہ عمل کی مکمل معلومات فراہم کی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔